کانپور(ایگزو نیوز ڈیسک)بھارت کے شہر کانپور میں گنگا بیراج کے قریب ایک تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہوکر تباہ ہوگیا،جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار زیرِ تربیت پائلٹ اور انسٹرکٹر ہلاک ہوگئے۔حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائیاں شروع کردیں جبکہ بھارتی حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اطالوی ساختہ ’ٹیکنام‘ تربیتی طیارے نے صبح تقریباً ساڑھے 11 بجے پرواز شروع کی تھی۔پرواز کے تقریباً 20 منٹ بعد طیارہ کانپور کے ناتھا پوروا گاوں کے قریب اچانک نیچے آگرا اور کھیت میں گر کر تباہ ہو گیا۔حادثے کے وقت طیارے میں دو افراد موجود تھے جن میں ایک زیرِ تربیت پائلٹ اور ایک انسٹرکٹر شامل تھا۔طیارے کے زمین سے ٹکرانے کے نتیجے میں دونوں افراد شدید متاثر ہوئے اور موقع پر ہی جانبر نہ ہوسکے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔امدادی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر طیارے کے ملبے سے متعلق ضروری کارروائی شروع کردی جبکہ حادثے کے شواہد بھی اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔بھارتی حکام نے طیارہ گرنے کے محرکات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات شروع کردی ہیں،جس میں طیارے کی تکنیکی حالت، پرواز کے دوران ممکنہ خرابی، موسم اور دیگر متعلقہ عوامل کا جائزہ لیا جائے گا۔حکام کی جانب سے حادثے کے حوالے سے مزید تفصیلات تحقیقات آگے بڑھنے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔حادثے نے ایک مرتبہ پھر تربیتی پروازوں کے دوران فضائی تحفظ اور طیاروں کی تکنیکی جانچ کے نظام سے متعلق سوالات کو نمایاں کردیا ہے۔