خطرناک دھماکے کے بعد کوئٹہ میں ٹرین سروس چار دن کی معطلی کے بعد بحال کر دی گئی ہے۔
دھماکے کے بعد پاکستان ریلوے نے 10 نومبر کو اعلان کیا تھا کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن 11 نومبر سے 14 نومبر تک غیر فعال رہے گا۔
سی ای او پاکستان ریلویز عامر بلوچ کے مطابق سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد کوئٹہ سے پاکستان کے دیگر حصوں کیلئے ٹرین سروس بحال کردی گئی ہے۔ بلوچ نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس آج صبح کوئٹہ سے اپنی منزل کے لیے روانہ ہوئی جبکہ بولان میل بھی اپنے مقررہ وقت پر روانہ ہوگی۔
ہفتہ (9 نومبر) کو کوئٹہ ریلوے میں ہونے والے دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے بم دھماکے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دھماکہ صبح 8 بجکر 25 منٹ پر ہوا جس میں 26 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا جعفر ایکسپریس کی روانگی کے وقت ہوا، جب مسافروں کی بڑی تعداد ریلوے اسٹیشن پر موجود تھی۔