Home » انڈونیشیا میں المناک سانحہ،نمازِ کے دوران اسلامی سکول کی عمارت زمین بوس،درجنوں طلبہ ملبے تلے دب گئے

انڈونیشیا میں المناک سانحہ،نمازِ کے دوران اسلامی سکول کی عمارت زمین بوس،درجنوں طلبہ ملبے تلے دب گئے

by ahmedportugal
11 views
A+A-
Reset

جکارتہ(ایگزو نیوز ڈیسک)انڈونیشیا کے صوبے ایسٹ جاوا میں ایک المناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب نمازِ ظہر کے دوران ایک اسلامی بورڈنگ سکول کی عمارت اچانک زمین بوس ہوگئی،جس کے نتیجے میں 150 سے زائد معصوم طلبہ ملبے تلے دب گئے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اب تک 99 بچوں کو بحفاظت نکال لیا ہے تا ہم تین طلبہ کی لاشیں ملبے سے برآمد ہو چکی ہیں اور تاحال 30 طلبہ دبے ہوئے ہیں جنہیں زندہ بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔امدادی کارروائیاں نہایت نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔ریسکیو اہلکار بھاری مشینری کے بجائے احتیاط سے دستی طریقوں اور جدید آلات کے ذریعے متاثرہ بچوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں تا کہ مزید حصے گرنے کا خدشہ نہ ہو۔ اس دوران پھنسے ہوئے طلبہ کو آکسیجن اور پانی فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ابتدائی تحقیقات نے اس حادثے کے پسِ پردہ سنگین غفلت کا پردہ فاش کیا ہے۔انکشاف ہوا ہے کہ عمارت کی بنیادیں انتہائی نازک تھیں اور اس پر غیر قانونی طور پر ایک اضافی منزل تعمیر کی جا رہی تھی جو اس کا بوجھ برداشت نہ کر سکی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اسکول کے مالک اور ٹھیکیدار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔مقامی حکام اور طبی عملہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔زخمی بچوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ریسکیو اہلکار متاثرہ والدین کو تسلی دے رہے ہیں کہ ہر ممکن کوشش جاری ہے۔یہ واقعہ نہ صرف انڈونیشیا بلکہ دنیا بھر میں تعلیمی اداروں کی حفاظتی صورتحال اور تعمیراتی قوانین پر سوالیہ نشان چھوڑ گیا ہے۔انسانی جانوں کے تحفظ کو نظر انداز کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ ایک بار پھر کئی قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن گیا ہے۔عوامی حلقوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سکولوں اور تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا سختی سے معائنہ کیا جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے سانحات سے بچا جا سکے۔اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جیسے جیسے ملبہ ہٹانے کا کام آگے بڑھے گا،ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں تیز رفتاری کے ساتھ مگر نہایت احتیاط کے ساتھ کام کر رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو زندہ نکالا جا سکے۔ یہ سانحہ انڈونیشیا کی تاریخ کے دل خراش حادثات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز