پاکستان بھر کے تاجروں کی ٹیکسوں اور بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف ہڑتال، بلوں میں اضافہ واپس لینے اور ٹیکس کی شرح میں کمی کا مطالبہ کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کی ٹیکس اصلاحات کے خلاف ہڑتال کرنے والے تاجروں کو جمعیت علمائے اسلام (ف)، پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور عوامی نیشنل پارٹی کی حمایت حاصل ہے۔
آل پاکستان انجمن تاجران سندھ چیپٹر کے صدر جاوید شمس نے ملک گیر ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا، سیاسی قیادت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آج کاروبار مکمل طور پر بند رہے گا۔ "ہم ٹیکسوں اور بجلی کے بلوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔ شمس نے کہا کہ حکمران طبقہ تاجر طبقے اور عوام سے جینے کا حق چھیننا چاہتا ہے، ہم آج یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ تاجر دوست اسکیم موجودہ شکل میں قابل قبول نہیں ہے۔
ادھر، کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کی کال کی حمایت کی ہے۔ کے ای ڈی اے کے صدر محمد رضوان نے کہا کہ کراچی سے خیبر تک تمام ٹریڈ یونینز ہڑتال میں شریک ہیں۔ دوسری جانب، پشاور میں بھی تاجر تنظیموں کی جانب سے ہڑتال کی جارہی ہے، جب کہ شہر بھر میں مختلف مارکیٹیں بند ہیں اور ٹریڈ یونینز نے بجلی کے بلوں میں اضافہ واپس لینے اور ٹیکس کی شرح میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی ہڑتال کی جا رہی ہے۔