اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے توشہ خانہ میں جمع ہونے والے قیمتی تحائف کا ریکارڈ پہلی مرتبہ کھلے عام جاری کر دیا ہے۔کابینہ ڈویژن کی جانب سے یکم جنوری 2025 سے 30 جون 2025 تک کا مکمل ریکارڈ سامنے لایا گیا،جس کے مطابق ملک کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سمیت اہم حکومتی شخصیات کو غیر ملکی اعلیٰ حکام اور دیگر شخصیات کی جانب سے قیمتی تحائف دیے گئے۔
جاری کردہ ریکارڈ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کو مختلف نوعیت کے بیش قیمت تحائف موصول ہوئے، جو قواعد کے مطابق توشہ خانہ میں جمع کرا دیے گئے۔ اسی طرح فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف کو بھی تحائف دیے گئے،جنہیں باضابطہ طور پر ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز،وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اقتصادی امور احد چیمہ بھی ان شخصیات میں شامل ہیں جنہیں غیر ملکی رہنماوں کی جانب سے تحائف موصول ہوئے۔اس کے علاوہ چیف آف جنرل سٹاف عامر رضا اور وائس ایڈ مرل راجہ ربنواز کو بھی تحائف دیے گئے۔ریکارڈ کے مطابق چیئرمین قومی احتساب بیورو(نیب)نذیر احمد،وزیر تجارت،سیکرٹری تجارت،ملک احمد خان،محمد علی رندھاوا،رفعت مختار راجہ اور سابق کرکٹر و مشیر کھیل وہاب ریاض کو بھی تحائف ملے۔مزید برآں، تحائف وصول کرنے والوں کی فہرست میں زین عاصم،عثمان باجوہ،طارق فاطمی اور خواجہ عمران نذیر سمیت دیگر اہم شخصیات کے نام بھی شامل ہیں۔حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام شفافیت کو یقینی بنانے اور عوام کو باخبر رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے تا کہ توشہ خانہ سے متعلق ماضی میں جنم لینے والے سوالات اور تنازعات کا ازالہ کیا جا سکے۔یہ ریکارڈ سامنے آنے کے بعد ملکی سیاسی اور عوامی حلقوں میں بحث کا آغاز ہو گیا ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ مستقبل میں توشہ خانہ کے حوالے سے مزید تفصیلات بھی باقاعدگی سے جاری کی جائیں گی۔
توشہ خانہ کھل گیا،حکمرانوں اور جرنیلوں کے ملنے والے تحائف کی تفصیل جاری
9