راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے ترجمان شفیع جان نے کہا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے آج بھی عدالتی احکامات موجود تھے تاہم وقت ختم ہو گیا اور اس کے باوجود ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی،جو کھلی عدالتی حکم عدولی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق منگل کے روز فیکٹری ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےشفیع جان نے بتایا کہ عدالت کے واضح احکامات کے تحت منگل کے دن بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ان کی بہنوں اور لسٹڈ وکلاء سے ملاقات ہونا تھی،اس مقصد کے لیے عمران خان کی بہنیں اور چھ لسٹڈ وکلاء موقع پر موجود تھے مگر جیل انتظامیہ نے عدالتی احکامات کے باوجود ملاقات نہیں کروائی۔انہوں نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ خود کو اس قدر طاقتور سمجھ رہا ہے کہ نہ وہ عدالت کے احکامات مانتا ہے،نہ قانون کو اور نہ ہی آئین کو،یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو یہ طاقت کہاں سے مل رہی ہے؟آیا یہ ہٹ دھرمی ہے یا حکومت کی جانب سے دانستہ قانون کی خلاف ورزی؟۔انہوں نے کہا کہ ملاقات نہ کروائے جانے کے خلاف پارٹی قیادت،عمران خان کی فیملی اور کارکنان موقع پر موجود ہیں اور دھرنا جاری ہے،اگر حکومت چاہتی ہے کہ دھرنا ختم ہو جائے تو فوری طور پر عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے ملاقات کروائی جائے،اس صورت میں تمام لوگ پرامن طور پر گھروں کو واپس چلے جائیں گے بصورت دیگر دھرنا،جلسے اور مذمتی احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
شفیع جان نے مذاکرات کے حوالے سے پارٹی کا واضح موقف دہراتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے تین بنیادی نکات ہیں،پہلا یہ کہ 8 فروری کو مبینہ طور پر چوری کیا گیا عوامی مینڈیٹ واپس کیا جائے،دوسرا ملک میں نئے شفاف انتخابات کروائے جائیں اور تیسرا یہ کہ الیکشن کمیشن کی مدت ختم ہو چکی ہے،اس لیے نئے الیکشن کمشنر کے تحت انتخابات کرائے جائیں،اگر حکومت ان نکات پر سنجیدگی دکھاتی ہے تو پی ٹی آئی بھی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر تحریک کی کال دی گئی تو لاکھوں لوگ سٹریٹ موومنٹ میں شریک ہوں گے۔شفیع جان کے مطابق سہیل آفریدی کو سٹریٹ موومنٹ کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات پہنچ چکی ہیں اور وہ بھرپور تیاری کر رہے ہیں،اس سلسلے میں آئی ایس ایف کے ساتھ مشاورت ہو چکی ہے جبکہ کل پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔شفیع جان نے دعویٰ کیا کہ سٹریٹ موومنٹ بہت جلد ایک بڑی تحریک کی شکل اختیار کرے گی،جس کے نتائج چند دنوں میں سامنے آ جائیں گے۔انہوں نے کارکنان اور عوام سے احتجاج کے لیے تیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آج بھی نوجوانوں کے لیڈر اور سپر سٹار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جیسے کہا جاتا ہے کہ ”مرد اور گھوڑا کبھی بوڑھا نہیں ہوتا“، اسی طرح عمران خان کی سیاسی جدوجہد بھی پوری قوت سے جاری ہے۔