وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن پر پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید بن سلطان النہیان کے ساتھ تصاویر ایڈیٹنگ اور شیئر کرنے کا الزام ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق مریم نواز کی جعلی تصاویر شیئر کرنے والے 20 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ ایف آئی اے تین ملزمان کی گرفتاری کے علاوہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
تحقیقات کا دائرہ وسیع کرنے کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس کا سربراہ ایڈیشنل ڈائریکٹر سرفراز چوہدری کو مقرر کیا گیا ہے۔ ٹیم میں لاہور، ملتان اور فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹرز شامل ہیں۔
اس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبر کرائم ونگ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سوشل میڈیا پر ایڈٹ شدہ تصاویر کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔
انکوائری پنجاب حکومت کی درخواست پر شروع کی گئی۔ ترمیم شدہ تصاویر، جن میں مریم نواز کو متحدہ عرب امارات کے صدر کے ساتھ دکھایا گیا ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئیں۔