مستونگ(ایگزو نیوز ڈیسک)بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم مسلح افراد نے مسافر کوچ کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں پیش آیا،جہاں کوئٹہ سے کراچی جانے والی ایک مسافر کوچ پر اچانک فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں کوچ میں سوار مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی اور تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا،جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔زخمیوں کی حالت کے حوالے سے ابتدائی طور پر تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔سیکیورٹی فورسز نے اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے تاکہ حملے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔
پولیس کے مطابق حملے کے محرکات تاحال واضح نہیں ہو سکے تاہم مختلف پہلووں سے تحقیقات جاری ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔یہ واقعہ ایک بار پھر بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر سوالیہ نشان بن کر سامنے آیا ہے جبکہ مسافر ٹرانسپورٹ کی سیکیورٹی کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔