Home » لاہور میں قیامت صغریٰ،تین معصوم بچوں کے گلے کاٹ دیے گئے،متضاد بیانات پر والدین اور چچا گرفتار

لاہور میں قیامت صغریٰ،تین معصوم بچوں کے گلے کاٹ دیے گئے،متضاد بیانات پر والدین اور چچا گرفتار

by ahmedportugal
10 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے اچھرہ میں پیش آنے والے ہولناک واقعے نے پورے شہر کو لرزا کر رکھ دیا،جہاں ایک ہی گھر سے تین معصوم بچوں کی گلا کٹی لاشیں برآمد ہوئیں۔انسانیت سوز اس واردات نے نہ صرف اہل علاقہ کو سکتے میں ڈال دیا بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی فوری حرکت میں آنے پر مجبور کر دیا۔ابتدائی تفتیش میں والدین کے بیانات میں تضاد سامنے آنے پر پولیس نے بچوں کے والد،والدہ اور چچا کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ اس اندوہناک قتل کے محرکات اور اصل حقائق جاننے کے لیے تحقیقات کا دائرہ تیزی سے وسیع کیا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے اچھرہ میں پیش آنے والے لرزہ خیز واقعے نے شہر بھر کو سوگوار اور خوفزدہ کر دیا،جہاں ایک گھر سے تین کمسن بچوں کی گلا کٹی لاشیں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش کے دوران بچوں کے والد،والدہ اور چچا کو حراست میں لے کر تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ شاہ جمال کے علاقے ماشا اللہ پلازہ میں پیش آیا،جہاں سے پانچ سالہ مومنہ بتول،چار سالہ مومن رضا اور ڈیڑھ سالہ ام حبیبہ کی لاشیں برآمد ہوئیں۔تینوں بچوں کو تیز دھار آلے سے انتہائی بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیا۔

ریسکیو 1122 کو موصول ہونے والی اطلاع پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ابتدائی شواہد کے مطابق بچوں کو گھر کے اندر ہی نشانہ بنایا گیا جبکہ واردات کے وقت وہ اکیلے موجود تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچوں کے والد رمضان اور والدہ ردا گھر کو باہر سے تالا لگا کر ادویات لینے گئے تھے، تاہم واپسی پر انہوں نے بچوں کو مردہ حالت میں پایا۔والدین کے بیانات میں تضاد سامنے آنے پر انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ بچوں کے چچا کو بھی شبہ کی بنیاد پر شاملِ تفتیش کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی توقیر نعیم کے مطابق جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور فرانزک ٹیمیں مختلف پہلووں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے اسے ایک پیچیدہ کیس قرار دیا جا رہا ہے اور ہر ممکن زاویے سے تفتیش جاری ہے۔دوسری جانب آئی جی پنجاب عبدالکریم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور پیش رفت جلد متوقع ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ اہل علاقہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ معصوم بچوں کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔یہ افسوسناک واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب گذشتہ روز ہی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں بڑھتے ہوئے جرائم پر پولیس حکام کی سرزنش کی تھی،جس کے اگلے ہی روز اس نوعیت کا اندوہناک سانحہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر رہا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز