وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کے استعفے کی نہ کوئی بات ہوئی ہے، نہ ہی ایسی کوئی سوچ موجود ہے، اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز سامنے آئی ہے کہ کوئی فیلڈ مارشل صدر بننے کا خواہشمند ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم بخوبی آگاہ ہیں کہ صدر، وزیر اعظم اور آرمی چیف کے خلاف جاری مہم کے پیچھے کون عناصر ہیں، یہ سب کچھ کیوں ہو رہا ہے اور اس کا فائدہ کسے پہنچایا جا رہا ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ صدرِ مملکت اور عسکری قیادت کے درمیان باوقار اور مضبوط تعلقات قائم ہیں، جبکہ آرمی چیف کی تمام تر توجہ ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی پر مرکوز ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ من گھڑت پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے پھیلانے والوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اگر دشمن ایجنسیوں کے ساتھ مل کر سازشیں کی جا رہی ہیں تو ہم بھی وہ تمام اقدامات کریں گے جو پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہوں گے۔