برازیل میں ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی لائیو اسٹاک نیلامی میں ایک نیلور گائے کو ایک ارب اٹھائیس کروڑ روپے میں نیلام کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ نیلور گائے، جسے مقامی طور پر ویٹینا 19 ایف آئی وی مارا ایمووز کہا جاتا ہے، برازیل میں ہونے والی لائیو اسٹاک نیلامی میں سب سے زیادہ قیمت پر نیلام ہوئی ہے۔
اس نیلامی میں نیلور گائے کی قیمت 4.8 ملین ڈالر یعنی ایک ارب روپے سے زائد رہی۔ یہ دنیا کی سب سے بڑی لائیو اسٹاک نیلامی ہے، جسے ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
اس نیلامی کے اہم اسباب میں سے ایک اس جانور کی خصوصیات ہیں، جن کی وجہ سے خریداروں نے کروڑوں روپے کی بولی لگائی۔ نیلور گائے اپنی خصوصیات کی وجہ سے سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، یہ نسل سفید رنگ، بلند قامت اور خوبصورتی کی وجہ سے بھی مشہور ہے۔
اپنی چمکدار سفید کھال اور کندھوں پر موجود نمایاں ہنپ کی وجہ سے جانی جانے والی یہ گائے کی نسل بھارت میں پیدا ہوئی تھی، لیکن اب یہ برازیل میں پائی جانے والی سب سے اہم مویشیوں کی نسلوں میں شامل ہو چکی ہے۔