وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی کے مظاہرین سے نمٹنے کا اختیار پولیس کو دے دیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پیچھے خفیہ ہاتھ ہے جو ملک میں بدامنی چاہتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پی ٹی آئی تو مذاکرات کیلئے تیار ہے لیکن فساد کی جڑ خفیہ ہاتھ ہے۔ جو سب پر بھاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کنٹرول کرنے والے خفیہ ہاتھ کا ایجنڈا ٹھیک نہیں۔ جو ملک کے ساتھ ساتھ خود پی ٹی آئی کو نقصان پہنچائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے کی بہت کوشش کی وہ مذاکرات کرتے ہیں معاملات طے پاتے ہیں مگر پھر وہ مکر جاتے ہیں۔ پی ٹی آئی نے سنگجانی میں احتجاج کرنے پر آمادگی ظاہر کی اب وہ ڈی چوک سے کم بات نہیں کر رہے۔
انہوں نے کہا کہ مظاہرین کی جانب سے آنسو گیس کے شیل فائر کیے گئے ہیں۔ جو گنڈا پور نے اُن کو فراہم کیے ہیں۔ مظاہرین سرکاری شیل اور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔ یہ حرکت ملک کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے۔
پی ٹی آئی کی دہشت گردی کے باعث متعدد رینجرز اور پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔