صدر آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں کامیاب انٹیلی جنس آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے ملک کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے زرداری نے مزید کہا کہ ہم قومی سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب، وزیر داخلہ محسن نقوی نے وادی تیراہ میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا، "ہم سکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے خوارجی دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خوارجی دہشت گرد پاکستان کی سرزمین پر ایک بوجھ ہیں۔ محسن نقوی نے اتحاد کی طاقت اور قوم کی حمایت سے اس لعنت کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
واضح رہے کہ سکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں انٹیلی جنس پر مبنی ایک آپریشن میں 12 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا تھا۔