لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب آج ہوگی، شائقین کرکٹ کیلئے داخلہ فری ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب شام 7 بجے ہوگی۔ وزیر اعظم شہباز شریف قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے۔ افتتاحی کے بعد پاکستان ٹیم کی کٹ کی رونمائی کی جائے گی۔ افتتاحی تقریب میں لائٹ شو اور انفرادی پرفارمنس بھی پیش کی جائیں گی۔
اسٹیڈیم کے دروازے ساڑھے پانچ بجے کھولے جائیں گے۔
اس موقع پر پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کی اپگریڈیشن میں شامل تمام مزدوروں کو کھانے پر مدعو کیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے 1500 ورکرز کو مدعو کرنے کا پلان ہے۔
نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں ورکرز کو کھانا دیا جائے گا۔ قذافی اسٹیڈیم کو اپگریڈ کرنے والے ورکرز کے کھانے کیلئے مینیو بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ مینیو میں مٹن قورمہ، بیف پلاؤ، چکن روسٹ، روغنی نان، زردہ، رائتہ اور سلاد شامل ہیں۔