پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات لیک کرنے والے فوجی اہلکار کی شامت آگئی، امریکی عدالت نے بڑی سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق جیک ٹیکسیرا جو کہ میساچوسٹس نیشنل گارڈ کا اہلکار تھا، کو یوکرین کی جنگ اور دیگر فوجی رازوں کے بارے میں خفیہ دستاویزات لیک کرنے کے جرم میں 15 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ استغاثہ نے ٹیکسیرا کیلئے 17 سال کی سزا کا مطالبہ کیا تھا۔
امریکی شہر بوسٹن کی ایک وفاقی عدالت نے منگل کے روز 22 سالہ جیک ٹیکسیرا کو سزا سنائی۔ استغاثہ نے کہا مدعا علیہ نے امریکی تاریخ میں جاسوسی ایکٹ کی سب سے سنگین خلاف ورزیوں میں سے ایک کا ارتکاب کیا ہے۔ مدعا علیہ نے امریکہ کے دفاع اور اس کے رازوں کی حفاظت کیلئے حلف اٹھایا تھا لیکن وہ تقریبا ہر روز اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتا رہا۔ جیک ٹیکسیرا کے اس اقدام سے امریکی قومی سلامتی اور بیرون ملک خدمات انجام دینے والے امریکی شہریوں کی جانیں خطرے میں پڑیں۔