صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کسی ایگزیکٹو آرڈر نہیں قانونی طریقے سے باہر آئیں گے۔
اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ اہم امور پر مشاورت ہوئی۔ اسپیکر صاحب کو آگاہ کر دینگے کہ ہم حکومتی کمیٹی سے تیسری نشست کیلئے تیار ہیں۔ بانی نے آج دوبارہ دہرایا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ اگر جوڈیشل کمیشن نہیں بنتا تو حکومت سے مزید مذاکرات نہیں ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے تو حکومت فیصلہ سازی کا اختیار ظاہر کرے اور کمیشن بنائے۔ غیر جانبدار کمیشن میں ہم اپنی مرضی کا جج نہیں چاہتے۔ حکومت کو تحریری شکل میں اپنے مطالبات پیش کر دیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ظلم و ستم کا ازالہ ہو اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ حکومتی کمیٹی سے گزارش ہے جوڈیشل کمیشن کیلئے ورکنگ کر کے آئے۔ مذاکرات کے حوالے سے حتمی ڈیڈلائن 31 جنوری ہے۔ تحریک انصاف کے پیش کئے گئے مطالبات پر عملدرآمد بہت آسان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اسیران کا معاملہ عالمی ہیومن رائٹس میں اٹھانے کی ہدایت کی ہے، ہم جتنی لچک دکھا سکتے تھے دکھا دی ، مذاکرات کو اب آگے بڑھانا حکومت کے ہاتھ میں ہے۔