پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان مینز ٹیم کے کپتان کی تقرری کا فیصلہ قومی سلیکٹرز اور کوچز کریں گے۔
قذافی اسٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ٹیم کی کپتانی میں ممکنہ تبدیلی کے حوالے سے فیصلہ سلیکٹرز اور کوچز کو سونپ دیا ہے۔ کپتانی کے بارے میں فیصلہ کوچز، مینٹرز اور سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ ایک ورکشاپ 22 ستمبر کو شیڈول ہے، جہاں سب کو اپنی تجاویز دینے کے لیے مدعو کیا جائے گا، اور اس کے بعد فیصلے کیے جائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا میں جانتا ہوں کہ اگر کوئی غلطی ہوتی ہے تو وہ مجھ پر آتی ہے۔ انہوں نے انکشاف کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ آج سلیکشن کمیٹی سے بھی ملاقات کر رہے ہیں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز ملتان اور راولپنڈی میں کھیلی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پی سی بی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) سے رابطے میں ہے اور مؤخر الذکر مطمئن ہے۔