امریکی فوجی طیارے نے بدھ کو بھارت کے شہر امرتسر میں لینڈ کیا، جس میں غیر قانونی بھارتی تارکین وطن کو ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی کے تحت بھارت واپس بھیجا گیا۔ کچھ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، طیارے میں 104 سے 205 افراد سوار تھے، جن کا تعلق پنجاب اور گجرات سے تھا۔
یہ پہلی بار ہے کہ امریکہ نے غیر قانونی تارکین وطن کو واپس بھیجنے کے لیے فوجی طیارے کا استعمال کیا ہے۔ امریکہ نے اس مقصد کے لیے فوجی طیاروں کا استعمال بڑھا دیا ہے اور فوجی اڈوں کو تارکین وطن کو رکھنے کے لیے کھولا ہے۔
امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے گزشتہ ماہ بھارت کے وزیر خارجہ سبھرمینیم جیشانکر سے ملاقات میں کہا تھا کہ امریکہ بھارت کے ساتھ مل کر غیر قانونی نقل مکانی کے مسائل حل کرنا چاہتا ہے۔
دوسری جانب بھارتی اپوزیشن کے قانون سازوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کو پارلیمنٹ میں اس معاملے پر بحث کا مطالبہ کیا ہے۔ اپوزیشن رہنماوں کا کہنا ہے کہ امریکہ کی طرف سے ملک بدر کیے گئے 104 بھارتی تارکین وطن کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا ہے۔