Home » باجوڑ میں بارودی دھماکہ،تین معصوم بچے شہید،پانچ زخمی

باجوڑ میں بارودی دھماکہ،تین معصوم بچے شہید،پانچ زخمی

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

باجوڑ(ایگزو نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے لغڑئی میں ایک المناک سانحہ پیش آیا جہاں دہشت گردوں کے چھوڑے گئے بارودی مواد کے پھٹنے سے تین معصوم بچے شہید جبکہ پانچ شدید زخمی ہو گئے، واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقامی بچے زیر زمین چھپائے گئے اس جان لیوا مواد سے کھیل رہے تھے کہ اچانک زوردار دھماکا ہوا اور لمحوں میں خوشیاں ماتم میں بدل گئیں۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق واقعے کے فوری بعد پاک فوج کے جوان جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمی بچوں کو بروقت ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا۔ سی ایم ایچ پشاور میں ماہر فوجی ڈاکٹروں کی ٹیم ان معصوم زخمیوں کو زندگی کی جنگ جیتنے کے لیے مسلسل طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ادھر مقامی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی جائے وقوعہ پر پہنچے اور علاقے کا محاصرہ کرتے ہوئے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کیا۔ حکام نے اس سانحے کو فتنہ? خوارج کی پرانی دہشت گردانہ حکمت عملی کا تسلسل قرار دیا ہے، جو مساجد، گھروں اور شہری آبادیوں کو نشانہ بناتے رہے ہیں اور اپنی شکست چھپانے کے لیے بارودی جال بچھا کر معصوم جانوں کو نشانہ بناتے ہیں۔حکام کے مطابق یہ سانحہ اس حقیقت کی کھلی علامت ہے کہ دہشت گردوں نے مقامی آبادی کو مسلسل خطرات میں مبتلا رکھا ہوا ہے اور ان کے چھوڑے گئے بارودی مواد سے کسی بھی وقت معصوم شہریوں کی زندگیاں اجڑ سکتی ہیں۔ اس سے قبل وادی تیراہ میں بھی خوارج کے ذخیرہ شدہ بارودی مواد کے پھٹنے سے متعدد معصوم شہری لقمہ اجل بنے تھے، جبکہ اسی کارروائی کے دوران 14 دہشت گرد مارے گئے تھے۔پاک فوج نے ایک مرتبہ پھر دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مقامی عوام کے بھرپور تعاون کے ساتھ باجوڑ اور اس سے ملحقہ تمام علاقوں کو دہشت گردوں کے باقیات اور ان کے بچھائے گئے بارودی جالوں سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔ عسکری حکام کے مطابق یہ مشن صرف ریاستی سلامتی کا نہیں بلکہ معصوم بچوں کے مستقبل کا بھی سوال ہے، اور اس مقصد کے حصول تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز