کوئٹہ(ایگزو نیوز ڈیسک)بلوچستان کے ضلع کیچ ایک بار پھر دہشت گردوں کے حملے کی لپیٹ میں آگیا، جہاں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو آئی ای ڈی دھماکے سے نشانہ بنایا گیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 15 ستمبر کو شیر بندی کے علاقے میں پیش آیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق بلوچستان کی سرزمین ایک بار پھر بہادری اور قربانی کی لازوال داستان رقم کر گئی،جہاں مادرِ وطن کے دفاع میں پاک فوج کے پانچ جانباز سپوت دشمن کے بزدلانہ وار کا نشانہ بنے۔کیپٹن وقار احمد اور ان کے ساتھیوں نے جان کی بازی لگا کر اس عزم کو ایک بار پھر تازہ کر دیا کہ وطن عزیز کی سلامتی اور امن کے لیے پاک افواج ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ان شہداء کا خون اس بات کا گواہ ہے کہ پاکستان کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ضلع کیچ میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کے پانچ بہادر سپوت مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔شہداء میں کیپٹن وقار احمد،نائیک اسمت اللہ،لانس نائیک جنید احمد،لانس نائیک خان محمد اور سپاہی محمد ظہور شامل ہیں۔ان جوانوں کی شہادت نے ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کیا ہے کہ ملک میں امن قائم رکھنے کے لیے مسلح افواج اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے دریغ نہیں کرتیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں بھرپور جوابی کارروائی کی اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔فورسز نے مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر علاقے میں سرچ آپریشن کا دائرہ بھی وسیع کر دیا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہداء کی عظیم قربانیاں پاکستان کی افواج اور قوم کے حوصلے کو کمزور کرنے کے بجائے مزید مضبوط کرتی ہیں، اور یہ عزم مزید جواں ہوتا ہے کہ ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے ہمیشہ کے لیے پاک کیا جائے۔
بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کا وار،کیپٹن سمیت پانچ جوان شہید،جوابی کارروائی میں پانچ دہشت گرد ہلاک
10