Home » افغان سرزمین سے دہشت گردی ناقابلِ برداشت،پاکستان مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے،اپنی خود مختاری اور عوام کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں ،پاکستان کا واضح اعلان

افغان سرزمین سے دہشت گردی ناقابلِ برداشت،پاکستان مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے،اپنی خود مختاری اور عوام کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں ،پاکستان کا واضح اعلان

by ahmedportugal
1 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان نے ایک بار پھر واضح الفاظ میں کہا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی ناقابل برداشت ہے اور کسی بھی دوبارہ جارحیت کا جواب فوراً اور دوٹوک انداز میں دیا جائے گا، پاکستان مذاکرات اور سفارت کاری کو اولین ترجیح دیتا ہے مگر امن کے سہارے کسی بھی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا،دفاع ہماری اولین ترجیح ہے، عالمی فورمز پر دستیاب شواہد اور رپورٹس اس امر کی گواہی دے رہی ہیں کہ بعض دہشت گرد عناصر افغان سرزمین سے کارروائیاں چلا رہے ہیں اور پاکستان نے بارہا دوستانہ طور پر ان امور کی نشاندہی کی ہے،ہم پر امید ہیں کہ ایک دن افغان عوام کو آزادی نصیب ہوگی اور ان کے اہل وطن پر انہی کی حقیقی نمائندہ حکومت حکمرانی کرے گی ، پاکستان اپنی سرحد، خودمختاری اور عوام کے تحفظ کا ہر صورت دفاع کرے گا،پاکستانی قوم متحد، افواج چوکس اور سفارتی محاذ پر بھی ثبوت پیش کیے جا چکے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے ایک مرتبہ پھر واضح کر دیا ہے کہ وہ مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے تاہم اپنی سرزمین، خودمختاری اور عوام کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، افغانستان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور سرحد پار حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور پاکستان کو طالبان، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی جانب سے کی جانے والی اس جارحیت پر گہری تشویش ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے اپنے دفاع کے حق کے تحت انتہائی موثر اور درست نشانے پر مبنی جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا، جوابی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے، اسلحہ کے ذخائر اور ساز و سامان مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا اور غیر فوجی نقصانات سے بچاو کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے مگر اگر دشمن نے دوبارہ اشتعال انگیزی کی تو اس کا بھرپور اور دوٹوک جواب دیا جائے گا، پاکستان اپنی خودمختاری، سرحدوں اور عوام کے تحفظ کے معاملے میں کسی بھی قسم کی نرمی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ترجمان نے بھارت میں موجود افغان نگران وزیر خارجہ کے حالیہ بیانات کو گمراہ کن اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ طالبان حکومت اپنے ملک میں موجود دہشت گرد عناصر کی سرگرمیوں سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے جھوٹا بیانیہ قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹس اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ افغانستان کی سرزمین دہشت گرد تنظیموں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بنی ہوئی ہے، جہاں سے وہ پاکستان سمیت دیگر ممالک کے خلاف کارروائیاں کرتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بارہا افغان حکومت کو خبردار کیا ہے کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسے دہشت گرد گروہ افغانستان کی سرزمین سے فعال ہیں، افغان طالبان حکومت کو چاہیے کہ وہ ان گروہوں کے خلاف فوری، ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات کرے، پاکستان خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے لیکن اس کے لیے افغانستان کو بھی اپنی ذمہ داری نبھانی ہو گی۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے گزشتہ چار دہائیوں سے چار ملین سے زائد افغان مہاجرین کو پناہ دی، انہیں رہائش، روزگار اور تعلیم فراہم کی، اب وقت آ گیا ہے کہ افغانستان اپنی ذمہ داری قبول کرے اور پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین کے استعمال کو روکے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان افغان شہریوں کی میزبانی کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق منظم کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ایک مثبت اور متوازن بنیاد پر قائم رہ سکیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے جو اپنے عوام کی حقیقی نمائندگی کرے، پاکستان کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام، اعتماد اور امن پر مبنی تعلقات فروغ پائیں تاکہ خطے میں دیرپا استحکام اور ترقی کی راہ ہموار ہو سکے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان امن کا حامی ہے مگر اگر دوبارہ کسی جانب سے اشتعال انگیزی یا دہشت گردی کی کارروائی ہوئی تو پاکستان اپنے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور دشمن کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز