ہنگو(بیورو رپورٹ)خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس نے بہادری کی نئی مثال قائم کر دی،خارجی دہشت گردوں کے خلاف دوران آپریشن ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او)خالد خان اور ایس ایچ او دو آبہ پولیس سٹیشن شدید زخمی ہو گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دس دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ آپریشن ”زرگیری“، ”شناوڑی“ اور گردونواح کے علاقوں میں کیا گیا، کارروائی ڈی پی او خالد خان کی براہ راست نگرانی میں کی گئی،اس دوران دہشت گردوں کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی،فائرنگ کے تبادلے میں دس خارجی مارے گئے۔آپریشن کے دوران ڈی پی او خالد خان اور ایس ایچ او دوآبہ زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ زخمی افسران کی حالت خطرے سے باہر اور انہیں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی پی او خالد خان کو 4 گولیاں لگی ہیں جبکہ ایس ایچ او نبی خان معمولی زخمی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے کو کلیئر کیا جا رہا ہے اور خوارجیوں کے خلاف سرچ آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے،اس آپریشن کو مقامی سیکیورٹی اداروں کی معاونت حاصل تھی اور یہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیا گیا۔
دوسری طرف خیبرپختونخوا پولیس کے سربراہ انسپکٹر جنرل ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ ہنگو میں جاری آپریشن کے دوران متعدد دہشت گرد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں،آپریشن کی قیادت ڈی پی او ہنگو کر رہے تھے،جو اس کارروائی کے دوران زخمی ہو گئے۔آئی جی ذوالفقار حمید نے تصدیق کی کہ ڈی پی او کی حالت اب خطرے سے باہر اور ان سے بات بھی کی ہے،خالد خان کے حوصلے بلند اور وہ دہشت گردوں کے خلاف اپنے مشن پر قائم ہیں،یہ آپریشن خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بحالی کے لیے جاری کارروائیوں کا حصہ ہے اور مستقبل میں بھی دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔