پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی۔
165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے نے اپنے پاور پلے میں دو وکٹ پر 60 رنز بنائے تھے اور میزبان ٹیم پاکستان سے آٹھ رنز زیادہ تھی لیکن پھر 15.3 اوورز میں 108 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم اور ابرار احمد نے تین، تین جبکہ حارث رؤف نے 17 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ پاکستان کا آغاز اچھا رہا اور ایک وکٹ کے نقصان پر 52 رنز بنا لیے تھے۔ لیکن اس کے بعد کھلاڑی کھل کر نہ کھیل سکے اور 11 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز بنے۔
طیب طاہر اور محمد عرفان خان کے درمیان 34 گیندوں پر پانچویں وکٹ کی نامکمل 65 رنز کی شراکت نے پاکستان کو 165-4 تک پہنچا دیا۔ طیب طاہر نے 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور اُن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
عثمان خان نے 30 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 39 جبکہ عرفان خان 27 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ اس کے علاوہ صائم ایوب 24، عمیر بن یوسف نے 16 اور کپتان سلمان علی آغا نے 19 گیندوں پر 13 رنز بنائے۔
پاکستان پلیئنگ الیون:
صائم ایوب، عثمان خان (وکٹ کیپر)، عمیر بن یوسف، سلمان آغا (کپتان)، طیب طاہر، عرفان خان، عباس آفریدی، جہانداد خان، سفیان مقیم، ابرار احمد، حارث رؤف
زمبابوے پلیئنگ الیون:
برین بینیٹ، ریان برل، ٹریور گوانڈو، کلائیو مڈانڈے، توانداناشے مارومانی (وکٹ کیپر)، تشنگا میوسیکیوا، رچرڈ نگروا، ڈیون مائرز، سکندر رضا (کپتان)، ویلنگٹن مساکادزا، بلیسنگ مزاربانی