وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات، عطا اللہ تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے زیادہ تر رہنما اور کارکن اسلام آباد احتجاج میں شرکت سے بچنے کیلئے خود گرفتاری دے رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت اپنے قائد عمران خان کی جیل سے رہائی نہیں چاہتی۔ تارڑ نے کہا پنجاب اور اسلام آباد سے آنے والی اطلاعات سے پتہ چلتا ہے کہ پی ٹی آئی کے بہت سے رہنما، پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال رہے ہیں۔ اس کی بڑی وجہ پارٹی میں تقسیم ہے۔
تارڑ نے زور دے کر کہا کہ پی ٹی آئی کا احتجاج صرف خان کی رہائی کیلئے این آر او جیسی رعایت حاصل کرنے کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یہ مطالبہ پورا نہیں کر سکتی، کیونکہ یہ عدالتوں کے دائرہ اختیار میں ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو خان کی رہائی کیلئے عدالتوں میں اپنا مقدمہ لڑنا چاہیے، کیونکہ انہیں کئی الزامات کا سامنا ہے۔