اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان نے اپنے قافلے پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے بعد قوم کے نام ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے واقعے کی تفصیلات بیان کی ہیں اور کہا ہے کہ حملے میں ان کے ذاتی محافظ اور سابق ایس ایس جی کمانڈو سردار محمد آصف انہیں بچاتے ہوئے شہید ہو گئے جبکہ قافلے میں شامل دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اپنے ویڈیو پیغام میں سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ وہ حلقہ ایل اے 22 پونچھ 5 میں اپنے آبائی گھر کی جانب جا رہے تھے کہ آزاد کشمیر کی حدود میں داخل ہونے کے بعد تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر کا سفر طے کرنے پر یونین کونسل ٹائیں ڈھلکوٹ کے مقام پر ان کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے دوران ان کے ساتھی سردار محمد آصف نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے انہیں بچانے کی کوشش کی اور اسی دوران گولیاں لگنے سے جامِ شہادت نوش کر گئے۔انہوں نے شہید محافظ کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد آصف کی وفاداری اور بہادری ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ جو عناصر ریاست میں بنیادی سہولیات،آٹے اور اشیائے ضروریہ کی قلت کے حوالے سے آواز اٹھاتے ہیں،وہی دوسری جانب راستے بند کر کے ریاستی نظام اور عام شہریوں کی زندگیوں کو متاثر کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ معاملات کو مذاکرات،افہام و تفہیم اور ثالثی کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی گئی تاہم مسلح کارروائیوں اور تشدد کا راستہ اختیار کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے ریاستی اداروں پر زور دیا کہ امن و امان کو یقینی بنانے اور قانون کی بالادستی قائم رکھنے کیلئے سخت اقدامات کیے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور لاقانونیت کے خاتمے کیلئے فیصلہ کن کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آج شہید ہونے والے سردار محمد آصف کا آخر کیا قصور تھا،اسی طرح ملک کے مختلف حصوں میں سکیورٹی اداروں کے اہلکار بھی دہشت گرد عناصر کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کو پونچھ سمیت ریاست کے کسی بھی حصے میں امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔سردار تنویر الیاس نے کہا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے،خوف و ہراس پھیلانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف موثر کارروائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ایسے واقعات کے خلاف بھرپور جواب دیا جائے گا اور کسی کو بھی ریاستی نظام کو مفلوج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔واضح رہے کہ سردار تنویر الیاس کے قافلے پر ٹائیں ڈھلکوٹ کے مقام پر فائرنگ کے واقعے میں ایک سکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ علاقے میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔