Home » محنت سے قسمت بدلنے والا شخص،تنویر احمد:خواب دیکھنے سے حقیقت بنانے تک،محنت،وژن اور کامیابی کی زندہ مثال

محنت سے قسمت بدلنے والا شخص،تنویر احمد:خواب دیکھنے سے حقیقت بنانے تک،محنت،وژن اور کامیابی کی زندہ مثال

تحریر:اسلم مراد

by ahmedportugal
21 views
A+A-
Reset

کسی بھی نئے کام یا کاروبار کی شروعات ہمیشہ جذبات کے تحت نہیں بلکہ عقل و تدبر سے کرنی چاہیے۔ اکثر ہم کسی خیال یا جذبے کے زیرِ اثر فیصلہ کر لیتے ہیں مگر کامیابی ان لوگوں کے قدم چومتی ہے جو دل کے ساتھ  دماغ سے  بھی کام لیتے ہیں۔سرمائے سے بڑھ کر ضروری ہے منصوبہ بندی،محنت اور یکسوئی۔اگر کوئی انسان محنتی،با اعتماد اور مستقل مزاج ہو تو کامیابی خود اس کے دروازے پر دستک دیتی ہے۔اصل شرط صرف یہ ہے کہ انسان موقع کو پہچاننا جانتا ہو۔یہی فلسفہ تنویر احمد کی زندگی  کا بنیادی محور ہے۔وہ امریکہ  کے ایک کامیاب  بزنس مین،کنگ میکر اور برانڈ میکر ہیں۔ان کی زندگی محنت،قربانی،منصوبہ بندی اور جدوجہد کا ایسا سفر ہے جس  نے انہیں  بلندیوں  تک  پہنچا دیا۔

تنویر احمد کا بچپن آسانیوں میں نہیں گزرا۔کبھی انہیں سبزیاں بیچ کر اور کبھی چھوٹے چھوٹے کام کرکے اپنے گھر والوں کا سہارا بننا پڑا مگر ان کے خواب ہمیشہ حالات سے بڑے تھے۔چھوٹے قدموں میں بڑا حوصلہ اور چھوٹے کاموں میں بڑی سوچ چھپی ہوئی تھی۔جیسا کہ کہا جاتا ہے “جہاں ارادے مضبوط ہوں،وہاں رکاوٹیں بھی جھک جاتی ہیں۔”امریکہ پہنچنے کے بعد بھی ان کا سفر آسان نہیں تھا۔اجنبی ملک،محدود وسائل اور بے شمار چیلنجز کے باوجود انہوں نے ہر ناکامی کو سیکھنے کا موقع بنایا۔ وہ کہتے ہیں”میں نے کبھی ہار نہیں دیکھی،میں نے یا تو جیتا یا سیکھا ہے۔”یہی عزم اور تسلسل انہیں اس مقام تک لے آیا جہاں آج وہ ایک نام نہیں بلکہ ایک مثال ہیں۔ریسٹورنٹ کے کاروبار ہوں، ٹرانسپورٹ کا شعبہ،مساجد کی تعمیر یا کرکٹ سٹیڈیم،تعلیمی اداروں کے لیے وظائف اور علاج معالجے کی سہولتیں۔۔انہوں نے ہر شعبے میں محنت اور خدمت کا تاثر چھوڑا۔انہوں نے NUST کو 90 لاکھ ڈالر کی امداد دی تا کہ پاکستان کے نوجوان عالمی معیار کی تعلیم حاصل کر سکیں۔ہزاروں طلبہ کو سکالر شپ فراہم کی،پاکستان میں ہنرمند نوجوانوں کے لیے تربیتی پروگرامز شروع کیے،ہسپتالوں میں جدید علاج کی سہولتیں فراہم کیں اور گردوں کے ٹرانسپلانٹ سینٹر قائم کیا۔

تنویر احمد صرف کامیاب بزنس مین نہیں بلکہ امید اور حوصلے کی علامت ہیں۔کرکٹ ان کا جنون ہے۔اسی جذبے نے انہیں ہیوسٹن میں 86 ایکڑ پر پھیلا شاندار کرکٹ گراونڈ بنانے پر مجبور کیا۔انہوں نے امریکہ میں کرکٹ کو اس حد تک فروغ دیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ کا انعقاد ممکن ہوا۔یہ محض کامیابی نہیں بلکہ خواب دیکھنے اور انہیں حقیقت میں بدلنے کی علامت ہے۔تنویر احمد کا فلسفہ ہے کہ زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔کامیابی کا سفر ہمیشہ محنت،صبر اور منصوبہ بندی سے بنتا ہے۔وہ نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہیں”زندگی میں جلدی مت کرو،بنیاد مضبوط ہو گی تو عمارت خود بلند ہو جائے گی۔”اگر نوکری کرنی ہے تو اس میں اتنی مہارت حاصل کریں کہ لوگ آپ کی مثال دیں اور اگر کاروبار کرنا ہے تو منصوبہ بندی کے ساتھ کریں۔سوشل میڈیا کے دکھاوے کے بجائے اپنی کوالٹی اور ساکھ پر توجہ دیں۔ادھار سے بچیں،غیر ضروری شراکت داریوں سے پرہیز کریں اور وقتی فائدے کے لیے اپنی کریڈیبلٹی قربان نہ کریں۔تنویر احمد کہتے ہیں”اگر کوئی پاکستانی واقعی محنتی ہے تو وہ ناکام نہیں ہو سکتا۔ کامیابی بار بار اس کے دروازے پر دستک دیتی ہے،بس پہچاننے کی صلاحیت ہونی چاہیے۔”یہی سوچ انہیں ایک بزنس مین سے بڑھ کر رہنما اور کنگ میکر بناتی ہے۔۔ایک ایسا شخص جو دوسروں کو خواب دیکھنا،محنت کرنا اور کامیاب ہونا سکھاتا ہے۔

آج وہ امریکہ میں مختلف تعلیمی،سماجی اور کاروباری منصوبوں سے وابستہ ہیں۔ہزاروں طلبہ کو تعلیم کے مواقع فراہم کر رہے ہیں اور درجنوں پاکستانیوں کو کاروباری میدان میں آگے بڑھنے میں مدد دے رہے ہیں۔ان کے اصول واضح ہیں “جو دیا، وہ کبھی کم نہیں ہوتا۔”پھل ہمیشہ اسی وقت میٹھا لگتا ہے جب بیج صبر اور محنت سے بویا جائے۔ تنویر احمد کی زندگی اس کہاوت کی عملی تصویر ہے کہ “محنت وہ کنجی ہے جو بند قسمتوں کے تالے کھول دیتی ہے۔”خواب دیکھنا کافی نہیں،انہیں حقیقت میں بدلنے کے لیے یقین،درست منصوبہ بندی اور مستقل محنت ضروری ہے۔اگر آج کا نوجوان یہ اصول اپنا لے تو یقیناً پاکستان میں بے شمار تنویر احمد پیدا ہو سکتے ہیں۔۔ لوگ جو اپنی محنت، وژن اور لگن سے نہ صرف اپنی بلکہ اپنے وطن کی تقدیر بھی بدل دیں۔جیسا کہ تنویر احمد خود کہتے ہیں”کامیابی اُن کے دروازے پر نہیں آتی جو خواب دیکھتے ہیں بلکہ اُن کے دروازے پر آتی ہے جو جاگ کر اُن خوابوں کے لیے محنت کرتے ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز