اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کو بروقت اور موثر کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا تاہم بعد ازاں ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 15 سیکیورٹی اہلکاروں کی قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے رات کی تاریکی میں چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی لیکن مستعد جوانوں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا کر دیا اور فرار کی کوشش کرنے والے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔بیان کے مطابق حملے میں ناکامی کے بعد دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی،جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا اور چیک پوسٹ کے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے کے باعث 12 فوجی جوان،2 پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک اہلکار شہید ہو گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ماندہ دہشتگردوں کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے جبکہ فرار ہونے والے عناصر کی تلاش بھی تیز کر دی گئی ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ‘عزمِ استحکام’ مہم کے تحت بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور شہدا کی قربانیاں قومی سلامتی اور امن کے عزم کو مزید مضبوط بنائیں گی۔دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہا۔صدر مملکت نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی جبکہ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ریاستی کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس ناسور کے خلاف جنگ ہر صورت منطقی انجام تک پہنچائی جائے گی۔