بنگلادیش کے سابق ٹیسٹ کرکٹر تمیم اقبال کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث انجیو پلاسٹی کردی گئی۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق، ڈھاکا پریمئیر لیگ کے دوران فیلڈنگ کے دوران تمیم اقبال کو سینے میں تکلیف محسوس ہوئی۔ سینے میں درد کی شکایت پر انہیں فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔
طبی معائنے اور مختلف ٹیسٹ کرنے کے بعد تمیم اقبال کی انجیو پلاسٹی کی گئی اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے جہاں ان کی حالت کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
یہ واقعہ بنگلہ دیش کرکٹ کیلئے سخت صدمے کا باعث بنا ہے، کیونکہ تمیم ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے قومی ٹیم کا اہم حصہ ہیں۔ سابق اور موجودہ کرکٹرز کی جانب سے ان کی صحت یابی کیلئے دعائیں کی جا رہی ہیں۔
تمیم اقبال نے حال ہی میں 15 سالہ بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جس دوران انہوں نے تمام فارمیٹس میں 15,249 رنز بنائے۔