لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)قومی اسمبلی میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے حالیہ بیان نے سیاسی اور مذہبی حلقوں میں شدید تنازع کھڑا کر دیا ہے،اتحاد ملت اسلامیہ نے وزیر مملکت کی جانب سے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے حوالے سے دی گئی معلومات کو حقائق کے منافی اور عوامی جذبات کو مجروح کرنے والا قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اجلاس میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ وزیر مملکت فوری طور پر اپنے بیان کی وضاحت کریں اور اصل حقائق قوم کے سامنے لائیں تاکہ انتشار پھیلانے والے عناصر کی حوصلہ افزائی رک سکے۔
ایگزو نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں وزیرِ مملکت طلال چوہدری کے حالیہ بیان پر مذہبی و سیاسی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آ گیا ہے۔ اتحادِ ملت اسلامیہ نے سوشل میڈیا پر جاری توہین آمیز مواد اور اس سے جڑے عناصر سے متعلق وزیر مملکت طلال چوہدری کے بیان کو حقائق کے منافی اور تشویشناک قرار دیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔اس حوالے سے اتحادِ ملت اسلامیہ کے زیر اہتمام ماڈل ٹاون لاہور میں مرکزی دفتر میں ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا،جس میں صدر اتحاد ملت اسلامیہ عبدالوارث گل،صاحبزادہ میاں احمد جلیل شرقپوری،جنرل سیکریٹری مفتی عبدالرحمان،مرکزی مسلم لیگ کے رہنما ایڈووکیٹ عبدالرحمان نقوی سمیت دیگر مرکزی رہنماوں نے شرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی جیسے اعلیٰ اور ذمہ دار فورم سے سوشل میڈیا پر سرگرم شیطانی گروہوں اور مقدس شخصیات و شعائر اسلام کی توہین میں ملوث عناصر سے متعلق غلط بیانی نہ صرف نا قابل قبول ہے بلکہ اس سے عوام کے مذہبی جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر مملکت نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شہریار آفریدی کے سوال کے جواب میں ایسے وقت میں غیر مصدقہ اور گمراہ کن معلومات پیش کیں،جب حکومتِ پاکستان خود عدالت میں سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے خلاف ایکشن پلان جمع کروا چکی ہے۔اتحاد ملت اسلامیہ کا کہنا تھا کہ اگر وزیر مملکت کو ان حساس مقدمات کے بارے میں درست معلومات میسر نہیں تھیں تو انہیں چاہیے تھا کہ متعلقہ محکموں،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سلامتی کے اداروں سے با ضابطہ رپورٹ حاصل کرنے کے بعد ایوان کو آگاہ کرتے۔اجلاس میں اس امر پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا کہ ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود گستاخوں کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی نہ ہونا،جعلی رپورٹس جاری کرنے والے عناصر کا احتساب نہ ہونا اور وزیراعظم،سپیکر قومی اسمبلی سمیت اعلیٰ حکام کو دی گئی درخواستوں پر پیش رفت نہ ہونا ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر مملکت کا حالیہ بیان درحقیقت ان عناصر کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے جو ملک میں انتشار اور فتنہ پھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔اتحاد ملت اسلامیہ نے مطالبہ کیا کہ وزیر مملکت طلال چوہدری فوری طور پر اپنے بیان کی حقائق کی روشنی میں وضاحت کریں اور قوم کو اصل صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔ساتھ ہی اعلان کیا گیا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو جھوٹے پراپیگنڈے میں ملوث عناصر اور وزیر مملکت کے بیان کے حوالے سے قانونی اور آئینی پہلووں کا جائزہ لے کر ٹھوس حکمت عملی مرتب کرے گی۔