اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیر مملکت برائے داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما طلال چوہدری نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے بانی چیئرمین عمران خان کے بیٹوں سلمان اور قاسم کو پاکستان میں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیٹوں کا نائیکوپ گم ہو گیا ہے تو دوبارہ دینے میں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، انھوں نے ویزے کی درخواست کی تو وہ بھی دے دیں گے، ہمیں ان سے کوئی خطرہ نہیں،ایک خودمختار ملک کو قانون توڑنے والے افراد کے خلاف کارروائی کے لیے کسی بھی سفارتخانے سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہوتی، چاہے وہ ویزا پر داخل ہوئے ہوں یا نائیکوپ پر،اگر کوئی نائیکوپ پر داخل ہوتا ہے تو اسے دوہری شہریت رکھنے والا تصور کیا جائے گا تاہم اگر وہ برطانوی شہری کی حیثیت سے قونصلر معاونت حاصل کرنا چاہیں تو انہیں یہ حق حاصل ہے، چاہے ان کا داخلہ ویزا کے ذریعے ہوا ہو یا نائیکوپ کے ذریعے۔بچوں کی طرف سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مدد مانگنے کے سوال پر طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ان کے والد(عمران خان)تو امریکی غلامی سے آزادی دلوانے کی بات کرتے تھے اور بچے کہتے ہیں کہ وہ امریکہ کی مدد سے والد کو آزادی دلائیں گے،ان دونوں میں تضاد ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا پہلے دن سے موقف رہا ہے کہ قومی مسائل پر بات چیت ہونی چاہیے،قومی مسائل پر بات چیت کی کئی مرتبہ کوشش کر چکے۔
یاد رہے کہ عمران خان کے بیٹے ، 28 سالہ سلیمان خان اور 26 سالہ قاسم خان نے پہلی مرتبہ مئی میں اپنے والد کی قید پر عوامی طور پر توجہ دلانے کے لیے آواز بلند کی تھی، گذشتہ ماہ علیمہ خان نے کہا تھا کہ عمران خان کی رہائی کی مہم کے تحت دونوں بیٹے امریکہ جائیں گے اور پھر پاکستان آئیں گے، دونوں بھائی پھر امریکہ گئے اور وہاں امریکی قانون سازوں سے اپنے والد کی قید کے معاملے پر ملاقاتیں کیں۔سابق وزیر اعظم عمران خان اگست 2023 سے قید میں ہیں اور اس وقت اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاونڈ کرپشن کیس میں سزا کاٹ رہے ہیں۔