Home » مدینہ منورہ میں ڈرون حملے کی شدید مذمت،علامہ طاہر اشرفی کا جمعة المبارک کو ملک بھر میں مذمتی قراردادیں منظور کرنے کا اعلان

مدینہ منورہ میں ڈرون حملے کی شدید مذمت،علامہ طاہر اشرفی کا جمعة المبارک کو ملک بھر میں مذمتی قراردادیں منظور کرنے کا اعلان

by ahmedportugal
19 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)چیئرمین پاکستان علماءکونسل اور سیکریٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیمِ حرمین شریفین کونسل علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مدینہ منورہ میں بجلی کی تقسیم کے طیبہ سٹیشن پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے حملہ آوروں کا مذموم منصوبہ ناکام ہو گیا اور بجلی کی فراہمی کا نظام مجموعی طور پر متاثر نہیں ہوا۔
ایگزو نیوز کے مطابق اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ،ارضِ حرمین شریفین کے مقدس ترین مقامات ہیں اور ان کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کی بھرپور مذمت کی جانی چاہیے،حرمین شریفین کی سلامتی صرف سعودی عرب ہی نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے عناصر کا اسلام اور مسلمانوں سے تعلق کے حوالے سے سوال پیدا ہوتا ہے،ارضِ حرمین شریفین کا امن و تحفظ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک بنیادی اور حساس معاملہ ہے،جس پر دنیا بھر کے مسلمان یکساں جذبات رکھتے ہیں۔

علامہ طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب کے دفاعی اور سلامتی کے اداروں کی جانب سے حرمین شریفین،مقدس شہروں اور وہاں آنے والے زائرین کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضیوف الرحمن کی سلامتی اور مقدس مقامات کا تحفظ ایک اہم ذمہ داری ہے،مدینہ منورہ میں بجلی کی تنصیب کو مبینہ طور پر ڈرون حملے کا نشانہ بنائے جانے کا واقعہ انتہائی حساس نوعیت کا ہے اور اس طرح کی کارروائیاں نہ صرف شہری بنیادی ڈھانچے کے لیے خطرہ بنتی ہیں بلکہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو بھی متاثر کرتی ہیں۔

علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اعلان کیا کہ جمعة المبارک کے موقع پر پاکستان بھر میں حوثی ملیشیا کی جانب سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کی کوششوں کے خلاف بھرپور مذمت کی جائے گی،ملک بھر میں جمعہ کے اجتماعات کے دوران مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی،پاکستان میں عوام اور علماء کرام حرمین شریفین کے تقدس اور سلامتی کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کریں گے اور سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔طاہر محمود اشرفی کے مطابق حرمین شریفین کا تحفظ مسلمانوں کے لیے محض ایک علاقائی یا سیاسی معاملہ نہیں بلکہ مذہبی اور روحانی اعتبار سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے،مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی عقیدت اور وابستگی کسی وضاحت کی محتاج نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے حرمین شریفین اور زائرین کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور پاکستان کے عوام سعودی عرب کی سلامتی،استحکام اور مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت اور یکجہتی کا اظہار کرتے رہیں گے۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے اس موقع پر مسلم دنیا کے علمائ، مذہبی قیادت اور عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ حرمین شریفین کے تقدس اور سلامتی کے حوالے سے اپنے موقف کا پرامن اور ذمہ دارانہ انداز میں اظہار کریں۔انہوں نے کہا کہ جمعة المبارک کے اجتماعات میں حرمین شریفین کی سلامتی،سعودی عرب کے امن و استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی۔

علامہ طاہر محمود اشرفی نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کے درمیان مذہبی،تاریخی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور پاکستانی عوام حرمین شریفین کے تحفظ اور سعودی عرب کی سلامتی کے معاملے پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے رہیں گے۔انہوں نے ایک مرتبہ پھر مدینہ منورہ میں طیبہ بجلی سٹیشن پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کے خلاف پرامن،واضح اور اجتماعی ردعمل ضروری ہے، جبکہ جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں منظور کی جانے والی مذمتی قراردادوں کے ذریعے حرمین شریفین کے تقدس اور سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دیا جائے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز