شام کے باغیوں نے صدر بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹ دیا، باغیوں کے دمشق پر قبضے کے بعد بشار الاسد اور ان کے اہل خانہ روس پہنچ گئے ہیں اور انہیں روسی حکام نے سیاسی پناہ دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شام میں بشار الاسد کے خاندان کی تقریباً چھ دہائیوں پر محیط حکمرانی ختم ہونے پر عوام خوشیاں منا رہی ہیں۔ شامی عوام نے باغیوں کی جانب سے فتح کا اعلان کرنے کے بعد بشار الاسد کے محل کا رخ کیا اور جو چیز ہاتھ آئی وہ اٹھا کر ساتھ لے گئے۔
باغیوں کے رہنما نے اپنے خطاب میں کہا کہ بشار الاسد نے اپنے اقتدار کو بچانے کیلئے قتل و غارت گری کا بازار گرم کیا ہوا تھا۔ ظالم اسد نے ہزاروں شہریوں کو بغیر کسی جرم کے قید کیا۔ ہم کئی دہائیوں سے اُن کے خلاف لڑ رہے تھے۔ آخری کار ہمیں کامیابی مل ہی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فتح شامی عوام کی ہے۔
دوسری جانب، امریکا سمیت تمام مغربی ممالک نے اسد حکومت کے خاتمے کا خیر مقدم کیا ہے۔ صدر بائیڈن نے کہا کہ شام میں آمریت کے خاتمے سے شامی عوام کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اسد نے ہزاروں معصوم لوگوں کا ناحق خون بہایا اور اُن پر ظلم کے پہاڑ توڑے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شام میں پرامن سیاسی استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ جبکہ کینیڈا نے کہا کہ ہم بشار الاسد کو بین الاقوامی عدالت انصاف میں شامی عوام پر کیے گئے غیر انسانی سلوک پر جوابدہ ٹھہرانے کیلئے پر عزم ہیں۔