دمشق(ایگزو نیوز ڈیسک)شام میں 5 اکتوبر 2025 کو پہلے پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جو ملک کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ ہائر کمیٹی فار پیپلز اسمبلی الیکشنز کے مطابق عوامی اسمبلی کے ارکان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ملک بھر کے تمام انتخابی اضلاع میں ایک ہی دن منعقد کی جائے گی۔
شامی میڈیا کے مطابق کمیٹی نے انتخابی اداروں کے ارکان کے خلاف اپیلیں جمع کرانے کی آخری تاریخ میں بھی توسیع کرتے ہوئے 21 ستمبر مقرر کی تھی، تاکہ امیدواروں اور ووٹرز کو مزید وقت دیا جا سکے۔ اس اقدام کو شفافیت اور انتخابی عمل کو زیادہ سے زیادہ جامع بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔انتخابات کے انعقاد کے لیے سپریم الیکٹورل کمیٹی ذیلی کمیٹیوں کی تقرری کر رہی ہے جو انتخابی اداروں کے انتخاب، امیدواروں کی درخواستیں وصول کرنے اور فہرستوں کی جانچ پڑتال کی ذمہ دار ہوں گی۔ شہریوں کو یہ حق دیا گیا ہے کہ وہ امیدواروں پر اعتراضات داخل کر سکیں، جنہیں متعلقہ حکام جانچنے کے بعد حتمی فہرست جاری کریں گے۔واضح رہے کہ چند ہفتے قبل انتخابی عمل کے نگران محمد طہٰ نے کہا تھا کہ عوامی اسمبلی کے لیے ووٹنگ 15 سے 20 ستمبر کے درمیان متوقع ہے، تاہم بعد ازاں شامی حکام نے تمام ضروری انتظامات کو مکمل کرنے اور انتخابی مراحل کو مزید منظم بنانے کے لیے تاریخ میں ردوبدل کیا۔ماہرین کے مطابق یہ انتخابات شام کے سیاسی مستقبل میں فیصلہ کن حیثیت رکھتے ہیں۔ کئی برسوں کی خانہ جنگی اور داخلی بحران کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ملک بھر میں ایک متحدہ انتخابی عمل منعقد ہو رہا ہے۔ اگر یہ انتخابات شفاف اور پرامن انداز میں مکمل ہو جاتے ہیں تو شام کے سیاسی استحکام اور جمہوری ڈھانچے کی بحالی کی طرف ایک بڑا قدم تصور کیا جائے گا۔انتخابی ماہرین اور مبصرین اس عمل پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ عالمی برادری کی نظریں بھی اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا یہ انتخابات شفافیت اور عوامی نمائندگی کے اصولوں پر پورے اتر پائیں گے یا نہیں۔
شام میں 5 اکتوبر کو پہلے پارلیمانی انتخابات کا اعلان،انتخابی عمل حتمی مرحلے میں داخل
1