لاہور(ایگزو شوبز ڈیسک)پاکستان کے معروف فلم ڈائریکٹر اور رائٹر سید نور نے نجی ٹی وی کے مشہور زمانہ ڈرامے”میرے پاس تم ہو “ کے حوالے سے ایسا سنگین الزام عاید کر دیا ہے کہ خلیل الرحمان قمر بھی سر پکڑ کر بیٹھ جائیں گے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ایک حالیہ پوڈکاسٹ کے دوران سینئر اداکار سید نور نے انکشاف کیا کہ ہمایوں سعید اور عائزہ خان کا ڈرامہ ”میرے پاس تم ہو“ جو مقبولیت کی بلندیوں کو چھوا تھا وہ ان کی فلم کا چربہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ ماضی کی انکی ایک فلم بالکل اسی کہانی پر مبنی ہے جس میں ایک عورت زیورات اور پیسے کی لالچ میں آ کر اپنے شوہر کو چھوڑ دیتی ہے مگر آخر میں دھوکا کھاتی ہے،میری اس فلم کا نام ’زیور‘ تھا جس میں ریما خان،بابر علی،جان ریمبو،صاحبہ اور شاہد نے اداکاری کی تھی جبکہ وہ خود اس کے ہدایتکار اور رائٹر تھے،یہ فلم 1998 میں ریلیز ہوئی تھی جبکہ ”میرے پاس تم ہو“ کی کہانی اسی فلم کی کہانی سے انسپائر ہے۔
یاد رہے کہ ڈرامہ میرے پاس تم ہو کو پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں پزیرائی ملی تھی اس ڈرامے کو خلیل الرحمان قمر نے تحریر کیا تھا۔یہ یاد رہے کہ حال ہی میں ایک اور نجی ٹی وی کا شہرت حاصل کرنے والا ڈرامہ بھی مقبولیت کی حدوں کو چھو رہا تھا اور ابھی اس ڈرامے کے چند ہی اقساط نشر ہوئی تھیں کہ اس پر 1998 میں ریلیز ہونے والی ہالی وڈ فلم ’دی پیرنٹ ٹریپ’ کی کہانی نقل کرنے کا الزام لگ گیاتھا۔