Home » سوئٹزرلینڈ میں تاریخی مذاکرات،پاکستان کی ثالثی سے ایران-امریکا امن عمل فیصلہ کن مرحلے میں داخل

سوئٹزرلینڈ میں تاریخی مذاکرات،پاکستان کی ثالثی سے ایران-امریکا امن عمل فیصلہ کن مرحلے میں داخل

by ahmedportugal
11 views
A+A-
Reset

زیورخ(ایگزو نیوز ڈیسک)مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں نتیجہ خیز ہوتی دکھائی دے رہی ہیں، جہاں ایران اور امریکا کے درمیان ایک عارضی امن معاہدے کے تحت سوئٹزرلینڈ میں اہم مذاکرات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ان اعلیٰ سطح مذاکرات میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف سوئٹزرلینڈ پہنچ چکے ہیں۔ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا سرکاری وفد بھی موجود ہے،جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر اہم حکام شامل ہیں۔یہ وفد ایران اور امریکا کے درمیان جاری امن عمل میں پاکستان کے فعال اور کلیدی کردار کی عکاسی کرتا ہے۔مذاکرات سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے اہم ملاقات بھی ہوئی،جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس ملاقات میں امریکی نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شریک تھے۔سوئٹزرلینڈ کی وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستانی وفد کے استقبال کے لیے خصوصی پیغام بھی جاری کیا گیا،جسے سفارتی سطح پر مثبت پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔امریکی وفد پہلے ہی سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن سٹاک میں موجود ہے،جس کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ایرانی وفد بھی مذاکرات میں شرکت کے لیے پہنچ چکا ہے، جس کی سربراہی باقر قالیباف کر رہے ہیں۔ وفد میں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی، قومی سلامتی سے وابستہ اہم شخصیات اور اقتصادی ماہرین بھی شامل ہیں۔امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے سوئٹزرلینڈ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں مذاکرات کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ایٹمی پروگرام اور لبنان کی صورتحال پر مثبت پیشرفت متوقع ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ امریکا خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مزید تنازعات کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سوشل میڈیا پر جاری بیان میں جنگ بندی اور امن عمل کے حوالے سے اہم نکات پیش کیے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی راستے پر ساٹھ روز تک کوئی ٹول یا ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا، اور بعد ازاں بھی اضافی ٹیکس نافذ نہیں ہوں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امن معاہدہ ناکام ہوا تو امریکا خطے میں اپنی سیکیورٹی خدمات کے بدلے معاشی اقدامات پر غور کر سکتا ہے۔پاکستان اس پورے امن عمل میں ایک اہم ثالث کے طور پر سامنے آیا ہے۔اس سلسلے میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے حالیہ دنوں میں ایران کے متعدد دورے کیے،جہاں انہوں نے ایرانی قیادت سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کے دوران دوطرفہ مذاکرات اور خطے کی صورتحال پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق محسن نقوی نے مشہد کا بھی دورہ کیا،جہاں انہوں نے حضرت امام علی رضا کے روضہ مبارک پر حاضری دی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے دعا کی۔ ان سفارتی روابط اور مسلسل کوششوں کو ایران امریکا مذاکرات کے انعقاد میں اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔مبصرین کے مطابق پاکستان کی فعال سفارتکاری نے نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد دی ہے بلکہ عالمی سطح پر اس کے مثبت کردار کو بھی اجاگر کیا ہے، اور یہ مذاکرات مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتے ہیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز