لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)ڈیفنس صوبائی دارالحکومت لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی گاڑی کے قریب ہوائی فائرنگ کے واقعے نے سیکیورٹی صورتحال پر سوالات اٹھا دیے تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ ڈیفنس اے کی حدود میں رات گئے پیش آیا، جہاں ایک کار سوار نوجوان نے وفاقی وزیر کی گاڑی کو اوورٹیک کیا اور مبینہ طور پر فائرنگ کی۔ واقعے کے فوراً بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہوئے اور سیف سٹی اتھارٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کی شناخت اور لوکیشن ٹریس کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ اس کے زیر استعمال گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ہوائی فائرنگ کا تھا، تاہم مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلووں کا احاطہ کیا جا سکے۔دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطاءتارڑ نے واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سفر کر رہے تھے کہ ایک گاڑی نے بائیں جانب سے انہیں کراس کیا اور ڈرائیور نے پسٹل نکال کر تقریباً پانچ فائر کیے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی اور گاڑی کا تعاقب بھی کیا، جس کے بعد پولیس نے ناکہ بندی کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔عطاءتارڑ نے واضح کیا کہ بظاہر فائرنگ انہیں نشانہ بنانے کے لیے نہیں کی گئی بلکہ یہ ہوائی فائرنگ تھی، تاہم اس نوعیت کے واقعات سنگین نوعیت کے حامل ہوتے ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی ضروری ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل چھان بین جاری ہے اور ملزم کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، جبکہ شہر میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید موثر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
عطاءتارڑ کی گاڑی کے سامنے ہوائی فائرنگ،سیف سٹی کی مدد سے ملزم اسلحہ سمیت دھر لیا گیا
11