Home » چیف جسٹس پاکستان سمیت سپریم کورٹ ججز کی تنخواہوں اور مراعات میں بڑا اضافہ،پنشن اور میڈیکل الاونس بھی بڑھ گیا

چیف جسٹس پاکستان سمیت سپریم کورٹ ججز کی تنخواہوں اور مراعات میں بڑا اضافہ،پنشن اور میڈیکل الاونس بھی بڑھ گیا

by ahmedportugal
23 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تنخواہوں، الاونسز اور بعض دیگر مراعات میں نمایاں اضافہ کردیا گیا ہے۔وفاقی حکومت کی سفارش پر صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے سمری کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہیں اور مراعات وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے مساوی کردی گئی ہیں جبکہ ہائی کورٹس کے ججز کی بنیادی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہوں اور الاونسز میں اضافے کا اطلاق 10 دسمبر 2025 سے کیا گیا ہے۔اس فیصلے کے تحت گزشتہ مدت کا مالی فائدہ بھی متعلقہ ججز کو دیا جائے گا جبکہ اضافے کے نتیجے میں بننے والے بقایاجات کی ادائیگی بھی کی جائے گی۔نئے مالی پیکیج کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 15 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے جبکہ سپریم کورٹ کے دیگر ججز کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 15 لاکھ روپے ہوگی۔اس سے قبل سپریم کورٹ کے ججز کی بنیادی تنخواہ 11 لاکھ روپے مقرر تھی،جسے اب بڑھا کر 15 لاکھ روپے کردیا گیا ہے۔سپریم کورٹ ججز کے جوڈیشل الاونس میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔ جوڈیشل الاونس 11 لاکھ 61 ہزار 163 روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے ماہانہ مقرر کردیا گیا،جس کے نتیجے میں اس مد میں تقریباً 3 لاکھ 39 ہزار روپے ماہانہ اضافہ ہو گا۔فیصلے کے تحت سپریم کورٹ کے ججز کے پنشن پیکیج میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔پنشن سے متعلق مخصوص شقوں میں عمر کی حد میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے تحت 70 سال کی مقررہ حد کو بڑھا کر 75 سال جبکہ 85 سال کی حد کو 90 سال کردیا گیا ہے۔اس کے علاوہ سپریم کورٹ کے ججز کے لیے ماہانہ 1 لاکھ 50 ہزار روپے میڈیکل الاونس مقرر کیا گیا ہے،جس سے ان کی طبی سہولیات اور متعلقہ مالی مراعات میں بھی اضافہ ہو گا۔

دوسری جانب ہائی کورٹ کے ججز کی بنیادی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ہائی کورٹ کے ججز کی نئی تنخواہوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہو گا۔نئی شرح کے تحت ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 12 لاکھ 54 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ ہائی کورٹ کے دیگر ججز کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 12 لاکھ 5 ہزار روپے ہو گی۔اس سے قبل ہائی کورٹ کے ججز کی بنیادی تنخواہ 10 لاکھ 95 ہزار روپے تھی،جسے بڑھا کر 12 لاکھ 5 ہزار روپے کردیا گیا ہے۔یوں ہائی کورٹ کے ججز کی بنیادی تنخواہ میں ماہانہ 1 لاکھ 10 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔مالی مراعات کے پیکیج میں بعض طویل عرصہ چیف جسٹس رہنے والے ججز کیلئے بھی نئی سہولت شامل کی گئی ہے۔

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق جو جج دو سال سے زائد عرصے تک چیف جسٹس کے منصب پر فائز رہے ہوں،انہیں ریٹائرمنٹ یا اعلیٰ عدالت میں ترقی کی صورت میں مخصوص شرائط کے تحت سرکاری گاڑی رعایتی قیمت پر خریدنے کی اجازت ہو گی۔اسی طرح ریٹائرڈ ججز کو وفاقی حکومت سے متعلق ثالثی کے معاملات میں خدمات انجام دینے کی صورت میں فیس حاصل کرنے کی اجازت دینے کی سہولت بھی متعارف کرائی گئی ہے۔حکومتی فیصلے کے تحت سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے ججز کی تنخواہوں،الاونسز،پنشن اور دیگر مراعات میں کی جانے والی یہ تبدیلیاں اعلیٰ عدلیہ کے مالی پیکیج میں نمایاں وسعت کی عکاسی کرتی ہیں۔سپریم کورٹ ججز کے لیے نئی شرحوں کا اطلاق سابقہ تاریخ سے ہونے کے باعث متعلقہ بقایاجات بھی قابلِ ادائیگی ہوں گے۔قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ آئین کے آرٹیکل 205 کے تحت سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز کی تنخواہ اور ملازمت کی دیگر شرائط پانچویں شیڈول کے تحت متعین ہوتی ہیں جبکہ صدرِ مملکت کو مقررہ قانونی فریم ورک کے اندر تنخواہوں اور بعض مراعات کے تعین کا اختیار حاصل ہے۔نئی منظوری کے بعد اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے مالی پیکیج میں بنیادی تنخواہ،جوڈیشل الاونس،طبی سہولت،پنشن اور بعض ریٹائرمنٹ سے متعلق مراعات شامل ہو گئی ہیں جبکہ مختلف عہدوں کے مطابق نئی شرحیں مقرر کی گئی ہیں۔اس فیصلے کے مالی اثرات اور مجموعی سرکاری اخراجات پر پڑنے والے اثرات کا دارومدار اضافی تنخواہوں،بقایاجات اور دیگر مراعات کی ادائیگی پر ہوگا جبکہ متعلقہ ادائیگیوں کا عملی طریقہ کار مجاز حکام کی جانب سے طے کیا جائے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز