Home » سوات پھر لہولہان، امن مارچ کے قریب خودکش دھماکہ،پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد جاں بحق و زخمی،خودکش حملہ آور پولیس کمپاونڈ تک نہ پہنچ سکا

سوات پھر لہولہان، امن مارچ کے قریب خودکش دھماکہ،پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد جاں بحق و زخمی،خودکش حملہ آور پولیس کمپاونڈ تک نہ پہنچ سکا

by ahmedportugal
17 views
A+A-
Reset

سوات(ایگزو نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے کبل میں امن کے قیام کے لیے نکالی گئی ریلی کے دوران پولیس سٹیشن کے مرکزی دروازے کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے  ہیں جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکہ اس وقت پیش آیا جب کبل چوک میں ایک مقامی امن کمیٹی کی جانب سے امن ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا،جس میں بڑی تعداد میں شہری شریک تھے۔ریلی کے دوران مقررین امن کے حوالے سے تقاریر کر رہے تھے کہ اسی دوران کبل پولیس سٹیشن کے مرکزی گیٹ کے قریب زور دار دھماکہ ہوگیا۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔عینی شاہدین کے مطابق خود کش حملہ آور نے پولیس سٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کی اور ناکامی پر تھانے کے گیٹ پر خود کو اڑا لیا،خود کش حملے میں پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد شہید جبکہ 30 کے قریب زخمی ہو گئے،واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز،پولیس اور امدادی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ریجنل پولیس افسر ملاکنڈ ڈویژن سید فدا حسن شاہ نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ دھماکے کی نوعیت اور دیگر پہلووں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دھماکہ خودکش حملہ تھا۔حملہ آور پولیس کمپاونڈ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا تاہم پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے مرکزی حدود تک پہنچنے سے روک دیا۔حکام کے مطابق کبل پولیس کمپاونڈ میں پولیس سٹیشن کے علاوہ دیگر اہم پولیس تنصیبات بھی موجود ہیں،جن میں انسداد دہشت گردی کا شعبہ،پولیس لائن اور شہری سہولت مرکز شامل ہیں۔پولیس اہلکاروں کی بروقت مزاحمت کے باعث حملہ آور اپنے ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہا۔واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز