Home » ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مذاکرات کامیاب،پنجاب میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کو صنعت کا درجہ دینے کا فیصلہ،چار کمیٹیاں قائم

ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مذاکرات کامیاب،پنجاب میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کو صنعت کا درجہ دینے کا فیصلہ،چار کمیٹیاں قائم

by ahmedportugal
1 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان جاری مسائل حل ہو گئے ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹرانسپورٹرز نے کہا کہ وہ پنجاب حکومت کے اقدامات کی مکمل حمایت اور تائید کرتے ہیں، کیونکہ یہ شعبے کی ترقی اور جدید کاری کے لیے اہم ہیں۔
حکومت اور ٹرانسپورٹرز کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق ٹرانسپورٹ کی صنعت کی بہتری اور تمام مسائل کے حل کے لیے چار کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔ پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر کو مرکزی کوآرڈی نیٹر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹرز کے نمائندے بھرپور شرکت کے ساتھ شامل ہوئے۔اجلاس کے اختتام پر ہڑتال کے خاتمے کا باقاعدہ اعلان بھی کیا گیا۔قائم کردہ چار کمیٹیوں میں گڈز ٹرانسپورٹ کمیٹی، منی مزدا ٹرانسپورٹ کمیٹی، پبلک ٹرانسپورٹ کمیٹی اور سٹاف ڈیوٹی وہیکل کمیٹی شامل ہیں،جو ٹرانسپورٹرز کی سفارشات مرتب کرکے مریم اورنگزیب کو پیش کریں گی۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹیاں مستقل بنیادوں پر ٹرانسپورٹ سے متعلق مسائل کی نگرانی کریں گی اور سفارشات پر عمل درآمد کا جائزہ لیں گی۔تمام تجاویز کو تین دن میں حتمی شکل دی جائے گی اور انتظامی اقدامات کے لیے ایک ماہ کی مہلت مقرر کی گئی ہے۔مشترکہ اعلامیہ میں دونوں طرف نے ٹریفک آرڈیننس 2025 پر غور، مزید بہتری اور مشترکہ عمل درآمد کرنے پر اتفاق کیا۔اعلامیہ کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ثبوت پر مبنی چالان پیش کیے جائیں گے اور ایک ہی جرم پر دوبارہ چالان نہیں کیا جائے گا۔الیکٹرانک ون ایپ کے ذریعے روٹس پر چالان کے عمل کو ریگولیٹ کیا جائے گا۔اس کے علاوہ پنجاب ٹرانسپورٹ سیکٹر دیگر صوبوں کے ٹرانسپورٹرز کے لیے پل کا کردار ادا کرے گا اور دیگر صوبوں میں بھی ٹریفک قوانین اور مسائل کے حل کے لیے اقدامات کی سفارش کی جائے گی۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب مرکزی سطح پر ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کو سفارشات پیش کریں گی۔

اجلاس میں اوورلوڈنگ، ایکسل ویٹ،گاڑیوں کے سائز اور فٹنس سے متعلق مسائل ٹرانسپورٹرز کی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔گڈز،پبلک ٹرانسپورٹ اور انتظامی امور پر قائم کمیٹیوں کے اجلاس ہر تین ماہ بعد ہوں گے اور چالان و جرمانے کے نظام میں اصلاحات،جدید ایپ کے ذریعے دہرا چالان ختم کرنے کی پیش رفت کی جائے گی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہمارا مقصد کاروبار کی ترقی،عوام کی جان و مال کی حفاظت اور بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ آرڈیننس 2025 کا مقصد شہریوں اور بچوں کی جان کی حفاظت اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنا ہے۔مریم اورنگزیب نے یقین دہانی کرائی کہ سموگ کے تدارک میں ٹرانسپورٹ سیکٹر کا کردار تسلیم کیا جائے گا،ویکس سٹیشنز اور شفٹ سسٹم میں اضافہ کیا جائے گا اور ملتان،راولپنڈی اور دیگر شہروں میں موبائل فیول ٹیسٹنگ اور لاری اڈوں کی بہتری کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا جائے گا۔ٹرانسپورٹرز نے بھی تعاون اور تجاویز پر کھلے دل سے مشاورت کی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں فریقین نے باہمی تعاون،مکالمے اور شفاف اصلاحات کے ذریعے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو عالمی معیار پر لانے پر اتفاق کیا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز