اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور حکومتی کمیٹی کے رکن انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ کامیاب مذاکرات بھارت کے مذموم عزائم کے لیے کاری ضرب ثابت ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی خواہش ہے کہ کشمیر میں خونریزی ہو لیکن پاکستان اور کشمیری عوام اس ناپاک سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ایگزو نیوز کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر میں معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں اور اس کامیابی پر ہم وزیر اعظم شہباز شریف کے مشکور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے درمیان بہن بھائی کا رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا اور پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس موقع پر کہا کہ آزاد کشمیر میں معمولات زندگی مکمل طور پر بحال ہو چکے ہیں۔ مذاکرات کے دوران پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوامی مفاد کو اولین ترجیح دی گئی۔ ان کے بقول محدود وسائل کے باوجود عوامی مسائل کے حل کی بھرپور کوشش کی جائے گی، اور معاہدے کی کامیابی جمہوریت اور عوام کی جیت ہے۔سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور حکومت عوامی حقوق کی محافظ ہے۔حکومتی رہنماوں کے مطابق کامیاب مذاکرات کے بعد خطے میں امن قائم ہوا ہے اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطالبات حل کیے جائیں گے، جس سے عوامی اعتماد مزید مضبوط ہوگا اور پاکستان اور کشمیر کے درمیان رشتہ مزید مستحکم ہو گا۔
آزاد کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے کامیاب مذاکرات،حکومتی رہنماؤں کا بھارت کے عزائم ناکام بنانے اور عوامی مسائل حل کرنے کا عزم
9