ڈیرہ غازی خان میں رینجرز اور پولیس کی دہشتگردوں کیخلاف موثر اور بروقت جوابی کارروائی کے نتیجے میں 2 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوٹ مبارک میں دہشتگردوں نے انسداد پولیو مہم ٹیم پر حملہ کیا۔ پولیو ٹیم کے ساتھ موجود پولیس پروٹیکشن پارٹی نے دہشتگردوں کے حملے کا بھرپور جواب دیتے ہوئے ٹیم کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
اس دوران علاقے میں گشت پر موجود رینجرز اور پولیس کے جوانوں نے موقع پر پہنچ کر دہشتگردوں پر جوابی حملہ کردیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے راکٹ لانچر، ہینڈگرینیڈ، ڈیٹونیٹر اور آتشیں اسلحہ سمیت واکی ٹاکی بھی برآمد کیا گیا ہے۔
بعد ازاں سکیورٹی فورسز نے مکمل چیکنگ کے بعد علاقے کو دہشتگردوں سے پاک قرار دیدیا۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسداد پولیومہم کے کامیاب انعقاد کیلئے پر عزم۔