مظفر گڑھ(ایگزو نیوز ڈیسک)مظفرگڑھ اور علی پور کے ارکان اسمبلی نے حالیہ بدترین سیلاب کے دوران متاثرین کی بروقت اور منظم مدد پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف اور ان کی وزارتی ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی بروقت ہدایات، مریم اورنگزیب سمیت وزراءکی شب و روز محنت اور شفاف حکمت عملی نے ایک بڑے انسانی المیے کو جنم لینے سے روک دیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق مظفرگڑھ کے ارکان اسمبلی عامر گوپانگ، سبطین بخاری اور نواب خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سیلاب کی اطلاع ملتے ہی علی پور کا فوری دورہ کیا، چیف سیکرٹری اور تمام انتظامیہ کو موقع پر روانہ کیا اور حالات کی سنگینی کو براہِ راست مانیٹر کیا۔ ایم این اے عامر گوپانگ نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ریسکیو آپریشن کے لیے 100 کشتیاں اور 25 بڑے بیڑے فراہم کیے گئے جنہوں نے متاثرہ علاقوں سے ہزاروں افراد کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ان کا کہنا تھا کہ علی پور اور قریبی علاقے تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب سے متاثر ہوئے لیکن بہترین پلاننگ اور فوری اقدامات کے باعث کوئی بڑا انسانی المیہ رونما نہ ہوا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر 3 ہزار ٹینٹ اور 10 ہزار متاثرین کے لیے راشن فوری پہنچایا گیا جبکہ مریم اورنگزیب نے خود 10 دن تک فلڈ ریلیف آپریشن کی نگرانی کی، خیمہ بستیاں قائم کیں اور امدادی کارروائیوں کو دن رات مانیٹر کیا۔عامر گوپانگ نے بتایا کہ فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو دن میں تین بار کھانا، دودھ اور پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ جہاں زمینی راستہ نہیں وہاں کشتیوں کے ذریعے سہولت پہنچائی گئی۔ مریم اورنگزیب اور وزراءراتوں کو جاگ کر ہر بند اور علاقے میں امداد کی ترسیل یقینی بناتے رہے۔ متاثرین کے اعداد و شمار مرتب کرنے اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، سروے اور ڈرونز کے ذریعے مانیٹرنگ کی گئی۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کیمپوں میں وقت گزارا اور انہیں یہ یقین دہانی کرائی کہ حکومت ہر دکھ میں ان کے ساتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ وزیراعلیٰ اور وزراءصرف دورے کر کے واپس نہیں گئے بلکہ ہر ہدف مکمل کرنے تک موجود رہے۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل کو بھی جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا اور جن لوگوں کے مکانات یا مال مویشی تباہ ہوئے ہیں ان کا نقصان حکومت پورا کرے گی۔ ان کے بقول، “ریسکیو اور ریلیف کے بعد بحالی کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے، اور مریم نوازشریف کی قیادت میں یہ کام شفاف اور تیز رفتاری سے انجام پائے گا۔
سیلاب متاثرین کا کامیاب ترین ریسکیو آپریشن،مظفرگڑھ کے ارکان اسمبلی کا وزیر اعلیٰ مریم نواز اور وزارتی ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین
9