Home » تعلیمی سفر میں رکاوٹ یا مبینہ رشوت؟لاہور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے سے جواب طلب کرلیا

تعلیمی سفر میں رکاوٹ یا مبینہ رشوت؟لاہور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے سے جواب طلب کرلیا

by ahmedportugal
28 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے تعلیم کے حصول کے لیے بیرون ملک جانے والے نوجوان کو لاہور ایئرپورٹ سے مبینہ طور پر آف لوڈ کیے جانے کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس اسد باجوہ نے خرم شہزاد کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اسے سائپرس میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے سفر کرنا تھا تاہم علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے حکام نے اسے پرواز سے آف لوڈ کر دیا۔درخواست گزار کے وکیل حافظ اسرار الحق نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کے پاس سائپرس کا تعلیمی ویزا موجود ہے اور ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد اس میں دوبارہ توسیع بھی کرائی گئی ہے۔درخواست کے مطابق توسیع شدہ تعلیمی ویزا 7 اکتوبر تک موثر ہے،اس کے باوجود درخواست گزار کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ درخواست گزار نے اپنے تعلیمی ویزے کی بنیاد پر سفر کی اجازت کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سے رجوع کیا تاہم اس کی درخواست مسترد کردی گئی۔درخواست گزار کے مطابق اسے آف لوڈ کرتے وقت اس کے سفری کاغذات نامکمل ہونے کا اعتراض کیا گیا لیکن یہ واضح نہیں کیا گیا کہ دستاویزات میں کون سی کمی یا خامی موجود تھی۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ اس کے پاس الیکٹرانک ویزا یعنی ای ویزا موجود ہے،جس کی تصدیق آن لائن کی جاسکتی ہے۔درخواست میں یہ بھی موقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان میں اس نوعیت کے ای ویزے کی دستاویزاتی سہولت مختلف ہونے کے باعث ایف آئی اے حکام نے اعتراض اٹھایا،حالانکہ ویزا آن لائن تصدیق کے ذریعے چیک کیا جاسکتا تھا۔درخواست میں مزید الزام عائد کیا گیا کہ اسی نوعیت کے سائپرس کے تعلیمی ویزوں پر تقریباً 25 دیگر افراد کو ایف آئی اے حکام نے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جبکہ درخواست گزار کو مبینہ طور پر رشوت نہ دینے کی وجہ سے پرواز سے آف لوڈ کیا گیا۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ اسے تعلیم کے حصول کے لیے سائپرس جانے کی اجازت دی جائے اور ایف آئی اے کو اسے دوبارہ آف لوڈ کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔لاہور ہائیکورٹ نے ابتدائی سماعت کے بعد ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست پر جواب طلب کر لیا۔عدالت کی جانب سے فریقِ مخالف کا موقف سامنے آنے کے بعد ہی معاملے کے قانونی اور انتظامی پہلووں پر مزید پیش رفت متوقع ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز