اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پاکستان کو عالمی سطح پر سرخرو کیا جبکہ مشکل فیصلوں کے نتیجے میں ملکی معیشت بھی دوبارہ سنبھل چکی ہے۔انہوں نے اداروں کے خلاف بولنے والوں کو سخت خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست،فوج اور قومی سلامتی کے خلاف مہم جوئی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کو قانون کے دائرے میں لایا جائے گا۔
ایگزو نیوز کے مطابق نارووال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا،جس کے باعث آج پاکستان کا پرچم دنیا بھر میں سربلند ہو رہا ہے،پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت ایک صفحے پر ہے اور یہی اتحاد ملکی دفاع، استحکام اور ترقی کی ضمانت ہے،آج دنیا پاکستان کی قیادت کی صلاحیتوں کا اعتراف کر رہی ہے،حتیٰ کہ امریکہ کا صدر بھی پاکستان کے وزیر اعظم اور سپہ سالار کی تعریف کر رہا ہے،جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک ذمہ دار اور مستحکم ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نارووال کے عوام نے حالیہ بدترین سیلاب کا سامنا کیا مگر یہ قدرتی آفت یہاں کے لوگوں کے حوصلے پست نہ کر سکی،پاکستانی قوم ایک بہادر اور جفاکش قوم ہے اور حکومت نے سیلاب کے دوران متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے،سیلاب کے بعد کسانوں نے ایک بار پھر اپنی محنت سے زمینوں کو سرسبز کر دیا جبکہ حکومت کی جانب سے تین ہزار ایکڑ رقبے پر کنولا کا بیج مفت فراہم کیا گیا۔احسن اقبال نے کہا کہ خوردنی تیل کی مقامی پیداوار سے نہ صرف کسان مستحکم ہوں گے بلکہ قیمتی زرمبادلہ بھی بچے گا،جو ملکی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے،مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے سابقہ ادوار میں ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا تاہم 2018 میں ایک منظم سازش کے تحت ایک نا اہل شخص کو اقتدار میں لایا گیا جس نے عوام کو جھوٹے خواب دکھائے اور ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچا دیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ملکی معیشت کو سنبھالنے کے لیے مشکل مگر ناگزیر فیصلے کرنا پڑے،جن کے مثبت نتائج اب سامنے آ رہے ہیں،مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے،کاروباری سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں،سرمایہ کاروں کا اعتماد لوٹ رہا اور عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ میں بہتری آئی ہے۔
وفاقی وزیر نے تحریک انصاف پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس جماعت کا ایجنڈا ملک اور فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنا ہے،حالانکہ مسلح افواج کے جوان وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں،جو جماعت ریاستی اداروں کے خلاف بات کرے،اسے سیاست کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔احسن اقبال نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ سے واپس آنے والی رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کے بجائے اپنے دوست کو دی گئی اور آج اسی جرم کی سزا بھگتی جا رہی ہے،خود کو صادق اور امین کہلوانے والا چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا اور قوم ملکی اداروں کے خلاف بولنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر ادارہ ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے،حکومت کا وژن پاکستان کو عالمی سطح پر سرمایہ کاری کا مرکز بنانا ہے جبکہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے لا کر ملک کا روشن مستقبل یقینی بنایا جائے گا۔