اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)ایک بار پھر بلوچستان لرز اٹھا،جہاں کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں آنے والے شدید زلزلے نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ ریکٹر سکیل پر 5.1 شدت کے جھٹکوں کے باعث متعدد علاقوں میں درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہلو کے قریب تھا اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.1 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز ضلع کوہلو سے تقریباً 60 کلومیٹر دور تھا اور گہرائی 17 کلومیٹر نوٹ کی گئی،جو نسبتاً کم گہرائی ہونے کے باعث زیادہ شدت سے محسوس کیا گیا۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں ضلع موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم میں 80 سے 90 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے،جہاں زیادہ تر کچے مکانات کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق کم از کم 6 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں جہاں طبی عملہ اور ضروری سامان فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ نقصانات کا ابتدائی تخمینہ لگانے کا عمل بھی جاری ہے۔حکام کے مطابق موسیٰ خیل میں دن کے دوران زلزلے کے دو جھٹکے محسوس کیے گئے،جن میں دوسرا جھٹکا 4.5 شدت کا تھا،جس نے پہلے سے متاثرہ ڈھانچوں کو مزید کمزور کر دیا۔
واضح رہے کہ اسی روز صبح کے وقت بھی ضلع کوہلو اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے،جن کی شدت 5.0 ریکارڈ کی گئی تھی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس زلزلے کے جغرافیائی نقاط 30.40 درجے شمالی عرض بلد اور 69.68 درجے مشرقی طول بلد پر واقع تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔