Home » پاکستان کے مختلف شہر زلزلے سے لرز اٹھے،لوگ گھروں سے باہر نکل آئے،شہریوں میں شدید خوف و ہراس

پاکستان کے مختلف شہر زلزلے سے لرز اٹھے،لوگ گھروں سے باہر نکل آئے،شہریوں میں شدید خوف و ہراس

by ahmedportugal
7 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)ملک کے مختلف حصوں میں اچانک آنے والے زلزلے کے شدید جھٹکوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا،جس کے باعث لوگ گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ وفاقی دارالحکومت اور لاہور سمیت متعدد بڑے شہروں میں زمین لرزنے سے معمولات زندگی متاثر ہوئے جبکہ حکام نے صورتحال پر نظر رکھتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق ملک کے وفاقی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 190 کلومیٹر تھی اور مرکز کوہ ہندوکش ریجن افغانستان میں واقع تھا۔زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، سوات، چترال، شانگلہ، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، نوشہرہ، ہنگو، کوہاٹ اور دیگر علاقوں میں واضح طور پر محسوس کیے گئے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف شہروں جن میں فیصل آباد، سرگودھا، اٹک، چنیوٹ، اوکاڑہ، قصور اور سیالکوٹ شامل ہیں، وہاں بھی زمین لرزنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور مری سمیت سیاحتی علاقوں میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔
خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع جیسے لوئر دیر، مالاکنڈ، بنوں، کرک اور لنڈی کوتل میں زلزلے کی شدت نسبتاً زیادہ محسوس کی گئی جبکہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ پہاڑی خطے بھی اس لرزش کی لپیٹ میں آئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق پنجاب بھر میں کوئی نقصان رپورٹ نہیں ہوا جبکہ صوبائی کنٹرول روم اور ضلعی ایمرجنسی مراکز کو فعال کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ ہیلپ لائن پر فوری اطلاع دیں۔دوسری جانب اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام نے تمام افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت جاری کر دی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری امدادی کارروائیاں یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔زلزلے کے جھٹکوں کے بعد کئی علاقوں میں شہری خوف کے باعث گھروں سے باہر نکل آئے اور کھلی جگہوں پر جمع ہو گئے جبکہ ماہرین نے ایسے مواقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز