لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)صوبائی دارالحکومت لاہور میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کے دورے کا دوسرا روز سیاسی طور پر غیر معمولی طور پر سرگرم اور ہنگامہ خیز ثابت ہوا، جہاں سٹریٹ موومنٹ کے ذریعے طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں مارکیٹیں اور بازار بند رہے، جبکہ اندرون لاہور سے ریلوے اسٹیشن کے اطراف تک فضا بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے نعروں سے گونجتی رہی۔ وزیراعلیٰ کے قافلے کی گزرگاہوں پر سیاسی سرگرمیوں میں واضح تیزی دیکھی گئی، عوامی جوش و خروش، گل پاشی اور نعروں نے لاہور کے سیاسی منظرنامے کو نئی شدت دے دی، جس سے شہر میں جاری سٹریٹ موومنٹ کی گونج مزید گہری ہو گئی۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے لاہور میں مسلسل دوسرے روز مصروف ترین دن گزارا اور باقاعدہ سٹریٹ موومنٹ کا آغاز کرتے ہوئے سیاسی درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ کر دیا،شہر کی مختلف گلیوں اور بازاروں میں عمران خان کے حق میں نعرے لگائے گئے جبکہ عوام کی جانب سے گل پاشی اور پرتپاک استقبال بھی کیا گیا۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے لاہور ہائیکورٹ بار میں منعقدہ تقریب سے خطاب کیا اور پارٹی رہنما حماد اظہر سمیت دیگر رہنماوں کے گھروں پر بھی گئے۔وزیراعلیٰ کا قافلہ حماد اظہر کی رہائش گاہ سے روانہ ہو کر شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا ریلوے سٹیشن کے قریب نولکھا بازار اور لنڈا بازار پہنچا،جہاں ریلوے سٹیشن سے لے کر بازاروں تک دکانیں بند اور تمام لائٹس مکمل طور پر بند کر دی گئی تھیں۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی گاڑی سے باہر نکلے اور عمران احمد خان نیازی کے حق میں نعرے لگائے۔پروگرام کے مطابق انہیں اندرون لاہور کی معروف فوڈ سٹریٹ جانا تھا اور کھانا بھی کھانا تھا تاہم پولیس نے لائٹس بند کروا کر عام شہریوں کو بھی وہاں سے نکلوا دیا،جس کے باعث وزیراعلیٰ اور ان کے ساتھی کھانا کھائے بغیر ہی واپس روانہ ہو گئے،روانگی کے وقت سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ ہماری مہمان نوازی ہو رہی ہے۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے زمان پارک میں بانی پی ٹی آئی کی رہائش گاہ کا بھی دورہ کیا،جہاں عمران خان کی بہنیں اور خاندان کے دیگر افراد موجود تھے۔وزیراعلیٰ کے ہمراہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، پارٹی قائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔عمران خان کی ہدایات کے مطابق لاہور میں سٹریٹ موومنٹ کے آغاز کے دوران وزیراعلیٰ نے شہر کی مختلف گلیوں میں رک کر عوام سے خطاب کیا جبکہ شہریوں نے گل پاشی اور نعروں کے ذریعے ان کا استقبال کیا۔زمان پارک میں ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے مشترکہ میڈیا سے گفتگو کی۔اس موقع پر سہیل آفریدی نے کہا کہ آج زمان پارک آ کر خوشی ہو رہی ہے کیونکہ وہ اپنے قائد کے گھر آئے ہیں تاہم خوشی اس لیے ادھوری ہے کہ وہ اکیلے آئے ہیں مگر جلد ان کا لیڈر بھی ان کے ساتھ ہو گا۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کی ذمہ داری تحریک تحفظ آئین پاکستان کی ہے جبکہ ان کی ذمہ داری سٹریٹ موومنٹ چلانا ہے،جسے وہ بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے،پاکستان ان کا ملک ہے اور وہ جہاں چاہیں جائیں گے،انہیں گھومنے کے لیے کسی جواز کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو جیل میں قید قیادت سے ملاقات کے لیے باقاعدہ خط لکھا تھا مگر جواب نہیں دیا گیا،اسی لیے وہ اسیر رہنماوں کے اہل خانہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ان کے گھروں میں جا رہے ہیں۔
سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ نہ انہیں عمران خان سے ملنے دیا جا رہا ہے اور نہ ہی دیگر قیادت سے،جو ذہنی پستی اور اقتدار کے نشے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے لیے یہ لوگ پاکستان کے ٹکڑے کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے اور مذاکرات کے بجائے محاذ آرائی کو ترجیح دے رہے ہیں۔انہوں نے لاہور میں پیش آنے والے واقعات کو بے عزتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب ان کے دل و دماغ پر نقش ہو چکا ہے۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں خیبر پختونخوا آنے کی دعوت دیتے ہیں تا کہ مہمان نوازی کا سلیقہ سکھا سکیں،چاہے وہ ان کے بقول ”جعلی وزیر اعلیٰ“ہی کیوں نہ ہوں لیکن اس عہدے کی عزت اور تکریم ہے،وہ جمہوری آدمی ہیں اور سیاسی اختلاف کے باوجود پروٹوکول دینے پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی اثاثے اونے پونے فروخت کیے جا رہے ہیں اور جن لوگوں کو عوام نے مسترد کر دیا ہے وہ ملک کے فیصلے کر رہے ہیں،کشمیر میں بھی شاید وہ سلوک نہ ہوا ہو جو لاہور میں ان کے ساتھ روا رکھا گیا تاہم لاہوریوں نے ہمیشہ پیار دیا کیونکہ یہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا شہر ہے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے لاہور میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی رہائش گاہ کا بھی دورہ کیا اور ان کے شوہر راشد نبی ملک سے ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی جرات مندانہ قیادت،ثابت قدمی اور اصولی سیاست کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد کارکنان کے لیے مشعل راہ ہے اور بالخصوص خواتین کے لیے حوصلے اور رہنمائی کا ذریعہ ہے۔