پشاور(ایگزو نیوز ڈیسک)خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی اور موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں دو افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ شدید موسمی صورتحال کے باعث بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا اور درجنوں فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، جبکہ ریسکیو اور متعلقہ ادارے ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیوں اور بحالی کے عمل میں مصروف ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور طوفان نے تباہی مچاتے ہوئے جانی و مالی نقصان پہنچایا، جہاں چھتیں اور دیواریں گرنے کے متعدد واقعات میں دو افراد جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق شریف آباد میں دیوار گرنے سے 28 سالہ عثمان جاں بحق ہوا جبکہ توت کلے میں دکان کا شٹر گرنے سے 17 سالہ اسامہ زندگی کی بازی ہار گیا۔دیگر واقعات میں منصب پل کے قریب کمرے کی چھت گرنے سے ایک بچے سمیت چار افراد زخمی ہوئے، جبکہ گدر ساولڈھیر میں دیوار گرنے سے 10 سالہ بچی حبیبہ شدید زخمی ہوگئی۔ اسی طرح ہاتھیان کے علاقے میں دیوار گرنے سے 45 سالہ شفیق بھی زخمی ہوا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں منتقل کیا، جہاں انہیں ایم ایم سی اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔شدید موسمی صورتحال کے باعث بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا، پیسکو ریجن میں 159 فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ ترجمان کے مطابق پشاور سرکل میں 41، مردان میں 21، خیبر میں 13، صوابی میں 53 اور سوات سرکل میں 31 فیڈرز متاثر ہوئے۔پیسکو حکام کا کہنا ہے کہ عملہ بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہا ہے اور کنٹرول روم سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ پیسکو چیف اختر حمید خان نے آپریشن ٹیموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے بجلی کی جلد از جلد بحالی یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ ساتھ ہی عملے کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ کسی مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
خیبر پختونخوا میں آندھی اور موسلادھار بارش کا قہر،چھتیں اور دیواریں گر گئیں،2 جاں بحق،متعدد زخمی،درجنوں فیڈرز ٹرپ
8