Home » سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں 6 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی

سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں 6 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی

by ahmedportugal
4 views
A+A-
Reset

راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد محض 6 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔
ایگزو نیوز کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس شاندار میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے جبکہ پاکستانی ٹیم اس ہدف کے تعاقب میں 178 رنز تک محدود رہی۔سری لنکا کی جانب سے پاتھم نسانکا اور کامل مشارا نے اننگز کا آغاز کیا تاہم نسانکا محض 7 رنز بناکر سلمان مرزا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ نئے آنے والے کوسال مینڈس نے کامل مشارا کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور آگے بڑھایا اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 64 رنز کی شراکت قائم کی۔ مینڈس 23 گیندوں پر 40 رنز بناکر ابرار احمد کا شکار بنے جبکہ کوسال پریرا 6 رنز بناکر صائم ایوب کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔کامل مشارا نے جانتھ لیانیگے کے ساتھ چوتھی وکٹ پر 57 رنز کی شراکت قائم کی اور 48 گیندوں پر 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں، جس میں 6 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ جانتھ لیانگے 24 رنز اور داسن شانہ 17 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ سری لنکا کی اننگز میں پاکستانی اسپنر ابرار احمد نے 28 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب اور سلمان مرزا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ انتہائی کمزور آغاز کے ساتھ شروع ہوئی اور ابتدائی اوورز میں 43 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ صاحبزادہ فرحان 9، بابراعظم صفر، صائم ایوب 27 اور فخر زمان ایک رن بناسکے۔ اس کے بعد کپتان سلمان علی آغا اور عثمان خان نے 5ویں وکٹ پر 56 رنز کی شراکت قائم کی مگر عثمان خان 33 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔ محمد نواز اور سلمان علی آغا نے چھٹی وکٹ پر 70 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا سکور 169 تک پہنچایا تاہم محمد نواز 27 رنز بنانے کے بعد آوٹ ہوئے۔ آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے 10 رنز درکار تھے لیکن دشمنتا چمیرا کی شاندار بولنگ نے پاکستان کو جیت سے محروم رکھا۔پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے 44 گیندوں پر 63 رنز کی زبردست اننگ کھیلی مگر یہ ٹیم کو فتح سے نہ بچا سکی۔ سری لنکا کی جانب سے دشمنتا چمیرا نے 20 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ ایشان مالنگا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس فتح کے ساتھ سری لنکا سہ ملکی ٹی 20 ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی جبکہ زمبابوے کی ٹیم اس مقابلے سے باہر ہوگئی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فائنل 29 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز