برطانیہ میں ایک منفرد اور مکمل طور پر گول انڈا 200 پاؤنڈ میں ایک نیلامی میں فروخت کر دیا گیا۔
بی بی سی کے مطابق اس انڈے کو پہلے ایڈ پاؤنل نے 150 پاؤنڈ میں خریدا تھا۔ انڈا خریدنے کے بعد، پاؤنل نے اسے ایونٹس فاؤنڈیشن کو عطیہ کر دیا، جو ایک چیریٹی ادارہ ہے جو آکسفورڈشائر کے نوجوانوں کو زندگی کی کوچنگ، مینٹرنگ اور ذہنی صحت کی مدد فراہم کرتا ہے، اور پھر یہ انڈا دوبارہ نیلام کیا گیا۔
چیریٹی کے ارکان نے سوچا کہ پاؤنل مذاق کر رہے ہیں جب انہوں نے انڈے کو دوبارہ بیچنے کی تجویز پیش کی، تاہم انڈے کی نیلامی کے بارے میں شائع ہونے والی خبروں کے ذریعے انہیں قائل کرنے کے بعد چیریٹی نے نیلامی کرنے کا فیصلہ کیا۔
ایونٹس فاؤنڈیشن کی روز رپ نے بی بی سی کو بتایا کہ ہم خوش اور پُرجوش ہیں کہ انڈا بیچ دیا گیا کیونکہ اس کا مطلب ہے کہ ہم اپنی خدمات جاری رکھ سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو پیسے اکٹھے ہوئے ہیں وہ ان نوجوانوں کی مدد کیلئے استعمال ہوں گے جو ذہنی صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس سے ہمیں زیادہ نوجوانوں تک پہنچنے کا موقع ملے گا جو مدد کے منتظر ہیں یا طویل انتظار کی فہرست میں ہیں۔